چکھلی ،سائنسی افق پر سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج کا پرچم بلند 206 اداروں کو پیچھے چھوڑ کر پہلا انعام؛ معین اختر سر کی رہنمائی اور طلبہ کی محنت رنگ لے آئی
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 18, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) چکھلی کے تعلیمی حلقوں میں خوشی کی لہر اس وقت دوڑ گئی جب دو روزہ تعلقہ سطحی سائنسی نمائش (15–16 دسمبر) کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 206 اسکولوں اور کالجوں کے مابین پہلا مقام حاصل کر کے نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اس تاریخی کامیابی کے پس منظر میں کالج کے ہر دل عزیز اور مخلص معلم جناب محمد معین اختر سر کی شبانہ روز محنت اور جناب عبدالرحمن سر کی تکنیکی مہارت نمایاں طور پر کارفرما رہی۔
اساتذہ کی رہنمائی میں طلبہ نے ایک ایسا منفرد اور معیاری سائنسی ماڈل تیار کیا جس نے ججز کو بے حد متاثر کیا اور مقابلے میں سبقت دلائی۔ اس موقع پر الفلاح ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جناب شیخ اعظم سر نے فاتح ٹیم کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم کے طلبہ بھی سائنسی میدان میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے معین اختر سر کی قربانیوں اور طلبہ کے جذبے کو اس کامیابی کا اصل سبب قرار دیا۔ کالج کے پرنسپل جناب ظفر پٹیل سر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معین اختر سر کی انتھک محنت نے آج کالج کے نام کو چار چاند لگا دیے ہیں اور یہ جیت اساتذہ کے اخلاص اور ٹیم ورک کی واضح مثال ہے۔ جیت کی خبر جیسے ہی بستی میں پہنچی، والدین اور مقامی شہریوں نے کالج پہنچ کر اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دی۔
والدین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور ماحول میں جشن کا سماں دیکھنے کو ملا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور اساتذہ پر گلپاشی کی گئی۔ کالج کے تمام اساتذہ نے اس کامیابی کو ادارے کی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیتے ہوئے اسے معین اختر سر کے نام کیا۔
اب یہی ماڈل ضلع سطح پر چکھلی تعلقہ کی نمائندگی کرے گا، جس سے مزید کامیابیوں کی امید بندھ گئی ہے۔