کھام گاؤں ، واثق نوید کو ریاستی مثالی مدرس ایوارڈ کا اعلان ہیپی ٹو ہیلپ فاؤنڈیشن نے تعلیمی خدمات کا کیا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 07, 2025
0
share
کھام گاؤں (نمائندۂ خصوصی) کھام گاؤں کے نوجوان، سرگرم اور علمی میدان میں متحرک معلم واثق نوید کے لیے آج کا دن نہایت اعزاز اور خوشی کا پیغام بن کر آیا، جب ہیپی ٹو ہیلپ فاؤنڈیشن نے سال 2025 کے ریاستی مثالی مدرس ایوارڈ کے لیے ان کے نام کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی تعلیمی حلقوں میں مسرت و فخر کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ کھام گاؤں کے اساتذہ، دانشوروں اور طلبہ نے بھرپور طریقے سے اس خوشخبری کا خیرمقدم کیا۔ فاؤنڈیشن کے مطابق، واثق نوید کی تدریسی مہارت، تعلیمی انداز، بچوں کی ذہنی و سماجی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات، اور اردو زبان کے فروغ میں ان کی مسلسل محنت اس انتخاب کی بنیادی وجہ بنی ہے۔ طلبہ میں تعلیمی شعور بیدار کرنے، جدید تدریسی طریقوں کو فروغ دینے اور کم تر وسائل میں بہترین نتائج پیش کرنے کی وجہ سے واثق نوید پورے علاقے میں نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ ہیپی ٹو ہیلپ فاؤنڈیشن کے بانی و صدر شیخ عبد الرحیم نے اس موقع پر کہا کہ: "واثق نوید جیسے باصلاحیت، فرض شناس اور وژن رکھنے والے اساتذہ ہی مستقبل کی نسلوں کو علم کا حقیقی نور دیتے ہیں۔ ان کی خدمات لائقِ تحسین ہیں اور یہ ایوارڈ انہی کوششوں کا اعتراف ہے۔" ریاستی سطح پر اس باوقار ایوارڈ کا ملنا نہ صرف واثق نوید کے لیے اعزاز ہے بلکہ کھام گاؤں اور ضلع بُلدھانہ کے لیے بھی فخر کا مقام ہے۔ تعلیمی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اعزاز نوجوان اساتذہ کے لیے نئی تحریک ثابت ہوگا۔ ادھر واثق نوید نے بھی اس اعترافِ خدمت پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز انہیں مزید بہتر اور موثر انداز میں تدریسی خدمات انجام دینے کا حوصلہ دیتا ہے۔ تقریبِ ایوارڈ جلد منعقد کی جائے گی، جس میں ریاست بھر کی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔