ثناء وقار یوتھ رائٹر اور کاؤنسلنگ سائیکالوجسٹ کو آل انڈیا سیرت النبی ﷺ تقریری مقابلے میں اول انعام
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 07, 2025
0
share
اورنگ آباد (آج کی آواز) جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر منعقدہ نیشنل سطح آن لائن تقریری و نعت خوانی مقابلہ 2025 میں نواب پورہ، اورنگ آباد کی باصلاحیت طالبہ ثناء وقار نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول انعام اپنے نام کیا۔ انہیں اس کامیابی پر 10 ہزار روپے نقد، ٹرافی، کتاب حیاتِ طیبہ ﷺ اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس مقابلے میں 19 ریاستوں سے 1500 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں مہاراشٹر، آندھرا پردیش، کیرالہ، اتر پردیش اور کرناٹک نمایاں ہیں۔ مقابلے کا کامیاب انعقاد نور جہاں و عبدالحفیظ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ، حیدر آباد نے کیا۔ سرپرستِ اعلی ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع (امریکہ کے ممتاز ماہرِ نفسیات)، کنوینر احمد ارشد حسین (سی ای او نوبل انفوٹیک، U.S.A)، جوائنٹ کنوینر حافظ محمد تقی (صحافی)، مولانا مرزا عبدالقیوم ندوی اور دیگر ممبران نے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ یہ مقابلے بچوں اور نوجوانوں کو قرآن اور سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ، فہم اور اس پر عمل کرنے کی طرف راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ثناء وقار ، وقار احمد صاحب (کیروسن ڈیلر) کی دختر اور مرحوم ہیڈ ماسٹر عبدالمجید صاحب کی پوتی ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم علامہ شبلی اردو ہائی اسکول نواب پورہ سے حاصل کی، جبکہ اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر رفیق زکریا کیمپس، مولانا آزاد کالج میں مکمل کی۔ فی الحال وہ ایم جی ایم یونیورسٹی اورنگ آباد کے شعبۂ نفسیات میں زیر تعلیم ہے ثناء وقار کی اس فقید المثال کامیابی پر والدہ محترمہ، بھائی، بہن، رشتے دار، اساتذہ اور دیگر محبین نے مبارکباد پیش کی اورنیک تمناؤں کے ساتھ دعا گو رہے.