آکولہ ، سنگرام ارون جاگتاپ معاملہ کل اہم سماعت، گواہوں کے بیانات ہوں گے قلم بند
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 11, 2025
0
share
کھام گاؤں ( واثق نوید) احمد نگر کے رکن اسمبلی سنگرام ارون جاگتاپ پر سولاپور میں اشتعال انگیز اور بھڑکاؤ بیانات دینے کے الزام کے سلسلے میں دائر فوجداری شکایت پر 12 دسمبر کو اکولہ کی عدالت میں نہایت اہم سماعت ہونے والی ہے۔ اس مقدمے پر ریاست بھر، خصوصاً سیاسی و سماجی حلقوں کی گہری نظر مرکوز ہے۔ یہ شکایت سماجی کارکن جاوید ذکریا نے سینئر فوجداری وکیل ایڈوکیٹ نجيب شیخ کے توسط سے دائر کی تھی، جسے عدالت نے فوجداری ایم سی اے کے طور پر قبول کیا ہے۔ گزشتہ سماعت 21 نومبر کو منعقد ہوئی تھی جس میں شکایت گزار جاوید ذکریا کا بیان عدالت میں رجسٹر کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی معزز جج این۔ اے۔ شرما، پانچویں جوڈیشل میجسٹریٹ کے روبرو انجام پائی تھی۔ کل کی سماعت میں وہ تمام گواہ عدالت کے سامنے اپنے بیانات درج کرائیں گے، جو سولاپور میں دیے گئے مبینہ بھڑکاؤ بیانات کے عینی یا معلوماتی گواہ ہیں۔ انہی بیانات کی بنیاد پر آئندہ قانونی کارروائی کی سمت طے ہوگی۔ گواہوں کے بیانات مکمل ہونے کے بعد عدالت کی جانب سے جاری ہونے والا اگلا حکم نہ صرف مقامی بلکہ ریاستی سطح پر بھی سیاسی فضا پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔