برہان پور ( اعجاز احمد راہی) دینی اقدار اور عصری تقاضوں کے حسین امتزاج کے لیے معروف تعلیمی ادارہ طیبہ کالج آف انٹیگریٹڈ اسٹڈیز، اندور نے تعلیمی سال 2026 کے لیے داخلوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کالج انتظامیہ کے مطابق اس سال صرف ساتویں جماعت کامیابی سے مکمل کرنے والے لڑکوں کو آٹھویں جماعت میں داخلہ دیا جائے گا، جس کے لیے والدین اور سرپرستوں سے بروقت رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیبہ کالج گزشتہ بارہ برسوں سے دینی و عصری تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہ ادارہ جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ، کیرالا کی ایک فعال شاخ ہے، جہاں کیرالا کے مؤثر اور جدید تعلیمی نظام کے مطابق تعلیم دی جاتی ہے۔ یہاں تدریس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت، کردار سازی اور عملی زندگی کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ادارے میں تعلیمی سرگرمیاں تجربہ کار اور مخلص اساتذہ کی نگرانی میں انجام پاتی ہیں۔ نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور مثبت تعلیمی ماحول طیبہ کالج کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں، جو طلبہ کو ایک باکردار اور باصلاحیت انسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق طیبہ کالج میں ایک ہی چھت کے نیچے آٹھ سالہ جامع نصاب کے تحت دینیات میں مکمل عالم کورس اور عصری تعلیم میں گریجویشن تک کی تعلیم طعام و قیام کے ساتھ بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ایڈوانس کمپیوٹر ٹریننگ، سوشل ٹریننگ، مختلف زبانوں کی تعلیم اور جسمانی تربیت بھی دی جاتی ہے، تاکہ وہ ہمہ جہت صلاحیتوں کے حامل بن سکیں۔
داخلے کے طریقۂ کار سے متعلق بتایا گیا ہے کہ داخلہ تحریری اور تقریری امتحان کے ذریعے ہوگا۔
رجسٹریشن کی آخری تاریخ 28 مارچ مقرر کی گئی ہے، جبکہ انٹرویو 4 اور 5 اپریل کو منعقد ہوں گے۔
مزید معلومات کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
8604168868
9644006854
