کھام گاؤں ، معروف سماجی شخصیت شیخ بشیر بابو کا انتقال بعد نمازِ جمعہ 2.30 بجے نمازِ جنازہ، ایکتا کالونی مسلم قبرستان میں تدفین
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر کی ضیا کالونی کے ساکن، معروف و ممتاز سماجی شخصیت شیخ بشیر بابو صاحب کا ممبئی میں دورانِ علاج انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون جس سے شہر بھر میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرحوم گزشتہ پانچ تا چھ ماہ سے خون میں پلیٹلیٹس (Platelets) کی شدید کمی کے عارضے میں مبتلا تھے۔ علاج کی غرض سے ممبئی گئے ہوئے تھے، جہاں اسپتال میں دورانِ علاج ان کا انتقال ہوگیا۔ مرحوم کی میت کھام گاؤں لائی جا رہی ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ جمعہ 2.30 بجے بدر چوک کے قریب کھیل کے میدان میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین مسلم قبرستان، ایکتا کالونی میں عمل میں آئے گی۔ مرحوم پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا، چار بیٹیاں اور ایک وسیع حلقۂ احباب چھوڑ گئے ہیں۔ شیخ بشیر بابو صاحب ایک ادب نواز، ملنسار اور درد مند انسان تھے۔ وہ کھام گاؤں نگر پریشد میں ملازمت انجام دے چکے تھے اور وظیفہ یاب تھے۔ عوامی مسائل کے حل، دفتری امور میں رہنمائی اور قانونی مشوروں کے ذریعے وہ بلا لحاظ مذہب و ملت ہر خاص و عام کی مدد کیا کرتے تھے۔ وہ ہندو مسلم بھائی چارے کے علمبردار اور شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ذاتی و قریبی تعلقات رکھتے تھے، جن کے ذریعے وہ عوامی مسائل کے حل میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔ مرحوم کے انتقال پر سماجی، سیاسی، مذہبی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔(آمین)