کھام گاؤں ، معروف سماجی شخصیت شیخ بشیر بابو کی تدفین، عوام کا جمِ غفیر شریک
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 10, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر کی ضیا کالونی کے ساکن، معروف و ممتاز سماجی شخصیت مرحوم شیخ بشیر بابو صاحب کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ جمعہ بدر چوک کے قریب کھیل کے میدان میں ادا کی گئی، جس میں شہر بھر سے عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو ایکتا کالونی واقع مسلم قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر سماجی، سیاسی، مذہبی شخصیات، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران، بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کا جمِ غفیر موجود تھا، جو مرحوم سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہا تھا۔ ہر آنکھ اشکبار اور فضا رنج و غم سے بوجھل نظر آئی۔ واضح رہے کہ مرحوم شیخ بشیر بابو صاحب کا ممبئی میں دورانِ علاج انتقال ہوگیا تھا۔ وہ گزشتہ پانچ تا چھ ماہ سے خون میں پلیٹلیٹس کی شدید کمی کے عارضے میں مبتلا تھے اور علاج کی غرض سے ممبئی گئے ہوئے تھے۔ مرحوم ایک ادب نواز، ملنسار اور درد مند انسان تھے۔ انہوں نے کھام گاؤں نگر پریشد میں طویل عرصہ تک ملازمت انجام دی اور وظیفہ یاب ہونے کے بعد بھی عوامی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا۔ عوامی مسائل کے حل، دفتری رہنمائی اور قانونی مشوروں کے ذریعے وہ بلا لحاظ مذہب و ملت ہر خاص و عام کی مدد کیا کرتے تھے۔ وہ ہندو مسلم بھائی چارے کے مضبوط علمبردار تھے اور شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ان کے قریبی تعلقات تھے، جن کے ذریعے وہ عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا، چار بیٹیاں اور ایک وسیع حلقۂ احباب شامل ہیں۔ مرحوم کے انتقال پر شہر بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے دعائے مغفرت کی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ (آمین)