اکوٹ ، کانگریس کے سینئر رہنما ہدایت پٹیل دورانِ علاج انتقال ایک گرفتار، دیگر پانچ افراد کی گرفتاری کا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 08, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اکوٹ تعلقہ کے قصبہ موہالہ میں مسجد کے اندر فرض نماز کی ادائیگی کے بعد نوافل و وظائف میں مشغول کانگریس کے ریاستی نائب صدر اور سینئر مسلم رہنما ہدایت پٹیل (73)پر چاقو سے جان لیوا حملہ کیا گیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ دورانِ علاج ان کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 6 تاریخ کو بعد نمازِ ظہر ہدایت پٹیل مسجد میں نوافل و وظائف ادا کر رہے تھے کہ اسی دوران ان پر اچانک حملہ کر دیا گیا۔ حملہ آور نے ان کی گردن اور پیٹ پر چاقو کے پانچ تا چھ وار کیے۔ شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر علاج کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اس قتل کے معاملے میں پولیس نے ملزم عبید پٹیل (22) کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم مقتول کے رشتہ داروں اور حامیوں نے بدرالزماں، راجو بوچے، سنجے بوڑکھے، فاضل خان اور فاروق خان کی بھی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انصاف کے مطالبے کو لے کر ہدایت پٹیل کی میت کو آکوٹ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، آکولہ کے رکنِ اسمبلی ساجد خان پٹھان اور کانگریس کے نوجوان رہنما ڈاکٹر ذیشان حسن پولیس اسٹیشن پہنچے۔ انہوں نے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ سے غیر جانبدارانہ اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس حکام کی یقین دہانی کے بعد حالات قابو میں آئے، جس کے بعد میت کو آبائی وطن موہالہ منتقل کیا گیا، جہاں بعد نمازِ عصر نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر ہزاروں افراد کی موجودگی نے مرحوم کی عوامی مقبولیت کا اظہار کیا۔