کھام گاؤں ,ایس آئی آر (SIR) بیداری اجلاس کا کامیاب انعقاد پربھاگ نمبر 2 میں عوامی تشویش کے ازالے کے لیے مثالی قدم،شہرت خان کی ستائش
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 08, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر کے پربھاگ نمبر 2 میں ایس آئی آر (SIR) کے تعلق سے عوام میں پائی جانے والی الجھن اور تشویش کے پیش نظر ایک بامقصد اور مؤثر بیداری اجلاس کا انعقاد 6 فروری کو بعد نمازِ عشاء، ہری فیل مسجد کے سامنے کیا گیا۔
اس عوام دوست اقدام کو علاقے کے لوگوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور بڑی تعداد میں شہریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت پربھاگ کے سابق رکنِ بلدیہ لالہ جمعدار نے فرمائی، جبکہ ابتدائی کلمات اور نظامت کے فرائض واثق نوید نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایس آئی آر کیا ہے، اس کی ضرورت و اہمیت کیا ہے اور شہریوں کی اس ضمن میں کیا ذمہ داریاں بنتی ہیں ،ان تمام پہلوؤں پر جامع اور سادہ انداز میں روشنی ڈالی۔ اس موقع پر علاقہ کے بی ایل او عبد الرحمن فارض، عمر خالد اور بی ایل او سپروائزر محمد عارف نے ایس آئی آر کے لیے درکار دستاویزات، پیش آنے والی ممکنہ دشواریوں اور ان کے حل کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ خاص طور پر عمر خالد نے لیپ ٹاپ کے ذریعے میپنگ کا عملی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے طریقۂ کار کو واضح کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ مزید برآں، ایڈوکیٹ ارشد نے این آر سی کے پس منظر میں ہندوستانی شہری ہونے کے ثبوت کے لیے ضروری کاغذات کے تعلق سے اہم قانونی رہنمائی پیش کی، جس سے عوام میں پائی جانے والی کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔ اجلاس کے محرک و کنوینر، پربھاگ نمبر 2 کے رکنِ بلدیہ حجن نسیم بانو الحاج عبد الکریم کے فرزند الحاج شہرت خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ منتخب ہونے کے بعد انہوں نے پربھاگ کے عوام کی فلاح و بہبود اور سہولت کو اپنی اولین ترجیح بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ جب یہ محسوس ہوا کہ ایس آئی آر کے معاملے میں عوام پریشان ہیں اور ’’کیا کریں؟ کیسے کریں؟‘‘ جیسے سوالات درپیش ہیں تو ساتھیوں کے باہمی مشورے سے اس بیداری اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور رہنمائی کے لیے ان کی ٹیم ہمہ وقت تیار رہے گی۔ اس موقع پر ڈائس پر سابق نائب صدر بلدیہ الحاج ابراہیم خان، الحاج سکندر خان، ذاکر ٹھیکیدار اور ڈاکٹر وقار (اٹالی والے) کی معزز موجودگی نے اجلاس کو مزید وقار بخشا۔ پروگرام کے اختتام پر سمیع اللہ بیگ نے اظہارِ تشکر کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام معزز مہمانوں، مقررین، منتظمین اور کثیر تعداد میں شریک ہونے والی عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس بیداری اجلاس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ مجموعی طور پر یہ اجلاس عوامی نمائندوں، انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان مثبت رابطے کی ایک کامیاب مثال ثابت ہوا، جس نے ایس آئی آر کے تعلق سے آگہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔