ریاستی سطح پر اردو اساتذہ کی چار روزہ تربیتی نشست کا آغاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 08, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی سطح پر درجہ دوم، سوم اور چہارم کے اردو اساتذہ کے لیے “اسکولی تعلیمی نصاب و درسیات 2026” کے عنوان سے چار روزہ تربیتی نشست کا آغاز ضلع احمد نگر کے کوپرگاؤں تحصیل کے مشہور و پُرسکون قصبہ کوکم ٹھان میں واقع عظیم الشان اتما ملک شکشنک کرڈا سنکول میں عمل میں آیا۔
اس اہم تربیتی پروگرام میں مہاراشٹر بھر سے درجہ دوم، سوم اور چہارم کے منتخب اردو اساتذہ نے شرکت کی۔ تربیتی نشست کا مقصد نئی تعلیمی پالیسی کے تحت تیار کردہ نصاب، اس کے مقاصد، تعلیمی محاصل اور تدریسی طریقۂ کار سے اساتذہ کو واقف کروانا ہے تاکہ یہ تربیت یافتہ اساتذہ بعد ازاں پورے مہاراشٹر کے اردو اساتذہ تک مؤثر انداز میں رہنمائی اور معلومات پہنچا سکیں۔
اس موقع پر ماہرین تعلیم کی جانب سے مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی جا رہی ہے۔ تربیت کے دوران آف لائن، آن لائن اور عملی مظاہروں کے ذریعے تدریسی نکات کو واضح انداز میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ نئی تدریسی حکمت عملیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
ریاستی اردو انچارج جناب توصیف پرویز کی سرپرستی و نگرانی میں مہاراشٹر کے ممتاز ماہرین تعلیم اس تربیتی عمل میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ تربیتی نشست راجیہ شکشنک سنشودھن و پرشکشن پریشد، پونے کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے اور تعلیمی حلقوں میں اسے نہایت اہم اور مؤثر اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔