معصوم نصیر پٹیل ،کو سعودی عرب میں حج خدمات انجام دینے پر بین الاقوامی اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع کے دھامن گاؤں بڑھے کے رہائشی اور اورنگ آباد میں ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ آف پوسٹس کے عہدے پر فائز معصوم نصیر پٹیل کو حج 2026 کے دوران سعودی عرب میں شاندار خدمات انجام دینے پر بین الاقوامی سطح پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کی جانب سے انہیں حج افسر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے 12 اپریل کو مکہ مکرمہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور بھارتی عازمینِ حج کو مختلف سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنی تعیناتی کے دوران معصوم پٹیل تقریباً 8 ہزار سے زائد بھارتی حجاج کرام کے رہائش، آمدورفت، شکایات کے ازالے، طبی سہولیات، منیٰ و عرفات کے سفر اور دیگر فلاحی انتظامات کی نگرانی کے فرائض انجام دیتے رہے۔
ان کی ذمہ دارانہ خدمات اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کے معروف مکتب (ہاسپیٹیلٹی سینٹر) کی انتظامیہ نے انہیں خصوصی طور پر تعریفی سند پیش کرکے اعزاز بخشا۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ذمہ داری کی مدت مکمل ہونے کے بعد معصوم نذیر پٹیل رواں ماہ کے اختتام تک وطن واپس لوٹ آئیں گے۔ بعد ازاں محکمہ ڈاک کی تبادلہ پالیسی کے تحت ان کی تقرری ریلوے میل سروس (RMS)، ایل ڈویژن، بھساول میں سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر متوقع ہے۔ ان کی اس نمایاں کامیابی پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف سماجی و تعلیمی حلقوں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔