امراوتی ، اردو میڈیم کے کیندر پرمکھ عہدوں کے لیے اساتذہ کی ڈویژنل کمشنر سے رجوع؛ سی ای او اور ایجوکیشن آفیسر کو نوٹس جاری،
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 18, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) امراوتی ضلع کے اردو میڈیم اساتذہ نے کیندرپرمکھ عہدوں کی بھرتی کے عمل میں اردو میڈیم کو منصفانہ نمائندگی دلانے کے مطالبے کے تحت ڈویژنل کمشنر، امراوتی کے روبرو اپیل دائر کی ہے۔ اس معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کے عدالتی فورم نے ضلع پریشد امراوتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) اور پرائمری ایجوکیشن آفیسر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اپیل گزار اساتذہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کے مختلف فیصلوں، محکمۂ تعلیم کی ہدایات اور ضلع میں اردو میڈیم اسکولوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیندر پرمکھ کے عہدوں کے لیے اردو میڈیم کے لیے علیحدہ اسامیاں مختص کی جانی چاہیے تھیں۔ تاہم امراوتی ضلع میں 139 اردو میڈیم اسکول موجود ہونے کے باوجود کیندر پرمکھ کی بھرتی کے عمل میں اردو میڈیم کے لیے نہ تو الگ میرٹ لسٹ جاری کی گئی اور نہ ہی علیحدہ اسامیوں کا تعین کیا گیا۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی اور سابقہ فیصلوں کے مطابق اردو میڈیم اسکولوں کی تعداد کے تناسب سے کیندر پرمکھ کے عہدے محفوظ کیے جانا ضروری تھا۔ لیکن متعلقہ بھرتی عمل میں اس اہم پہلو کو نظر انداز کیے جانے کے باعث اہل اور باصلاحیت اردو میڈیم اساتذہ اپنے جائز حق سے محروم ہو رہے ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ریاست کے بلڈانہ، واشم، جالنہ، سولاپور اور دیگر ضلع پریشدوں نے اردو میڈیم کے لیے علیحدہ اسامیوں کا تعین کرتے ہوئے الگ میرٹ لسٹیں جاری کی ہیں۔ لہٰذا امراوتی ضلع میں بھی مساوی انصاف کے اصول کے تحت اردو میڈیم اساتذہ کو ان کا حق دیا جائے، ایسی اپیل گزاروں نے مطالبہ کیا ہے۔ اردو میڈیم اساتذہ کا کہنا ہے کہ ضلع میں اردو اسکولوں کی تعداد اور حکومت کی واضح ہدایات کو دیکھتے ہوئے اردو میڈیم کے لیے علیحدہ اسامیاں مختص کرنا محض ایک مطالبہ نہیں بلکہ ان کا قانونی اور جائز حق ہے۔ اس لیے اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لیا جانا ضروری ہے۔ اس معاملے کے بعد اردو میڈیم اساتذہ میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے اور برسوں سے زیرِ التوا نمائندگی کے مسئلے پر انصاف ملنے کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔ اساتذہ تنظیموں نے بھی اس جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے اردو میڈیم کے حقوق کے لیے متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔ اہم پیش رفت یہ ہے کہ ڈویژنل کمشنر کے عدالتی فورم نے اس اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع پریشد امراوتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پرائمری ایجوکیشن آفیسر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ نیز کیندر پرمکھ کے عہدوں پر تقرری کے عمل کو روکنے (اسٹے) کی درخواست پر سماعت کے لیے 22 جون 2026 کی اگلی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اب اردو میڈیم اساتذہ سمیت پورے تعلیمی حلقے کی نظریں اس اہم سماعت پر مرکوز ہیں۔ 22 جون کو ہونے والا فیصلہ اردو میڈیم اساتذہ کے مستقبل کے لیے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔