بلڈھانہ، تنزیل فاطمہ کی نیٹ 2026 میں شاندار کامیابی، گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخلہ تقریبا یقینی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 18, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بُلڈھانہ کی ہونہار طالبہ تنزیل فاطمہ ریاض سید نے قومی سطح کے نیٹ (NEET-UG) 2026 امتحان میں 612 نمبرات حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ اس شاندار کارکردگی کے باعث انہیں آل انڈیا رینک (AIR) 6787 حاصل ہوئی ہے، جس کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ان کے داخلے کے امکانات انتہائی روشن ہوگئے ہیں۔ تنزیل فاطمہ ضلع پریشد ہائی اسکول، ساکھلی بُدرک کے پرنسپل آر۔ آر۔ سید اور ضلع پریشد ہائی اسکول، دیول گھاٹ کی معلمہ سیدہ رعنا تبسم سید کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کا سہرا والدین کی بہترین تربیت، اساتذہ کی رہنمائی، مسلسل محنت اور بزرگوں کی دعاؤں کو دیا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ رواں سال ملک بھر سے 24 لاکھ سے زائد امیدواروں نے نیٹ امتحان میں شرکت کی۔ امتحان کے دوران پیپر لیک کے تنازع اور بعض امیدواروں کے دوبارہ امتحان کے باعث طلبہ کو ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تنزیل فاطمہ نے ثابت قدمی، عزم اور محنت کے ساتھ ان تمام مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تنزیل فاطمہ کی اس نمایاں کامیابی پر تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ اہلِ بُلڈھانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں ایک کامیاب ڈاکٹر بن کر ملک و قوم اور انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیں گی۔