ساکھر کھیرڈا،شیخ ربانی سر کی تین دہائیوں پر محیط تدریسی خدمات کے اعتراف میں شاندار اعزاز و وداعیہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 30, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، ساکھر کھیرڈا میں حال ہی میں تدریسی خدمات سے سبکدوش ہونے والے ممتاز مدرس شیخ ربانی شیخ کالو (سابق صدر مدرس، ضلع پریشد اردو اسکول ڈون گاؤں) کے اعزاز میں ان کے آبائی وطن میں ایک باوقار استقبالیہ، وداعیہ اور تقریبِ اعترافِ خدمات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس، تدریسی عملے، اسکولی مجلسِ انتظامیہ، احباب اور خیرخواہوں نے ان کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد صدر مدرس محمد اشفاق شیخ نور نے تمہیدی خطاب میں شیخ ربانی سے اپنے دیرینہ تعلقات، ان کی تدریسی صلاحیتوں ، خوش اخلاقی اور تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شیخ ربانی کی خدمت میں چادرِ محبت، گلدستے اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، ساکھر کھیرڈا کے تدریسی عملے نے خصوصی تحائف سے ان کی عزت افزائی کی، جب کہ صدر مدرس محمد اشفاق شیخ نور نے بھی اپنی جانب سے یادگاری ہدیہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عظیم نے، جو خود شیخ ربانی کے شاگرد رہ چکے ہیں، اپنے استاد کی علمی رہنمائی اور شفقت بھرے انداز کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ فیض الاسلام نے، جو دو مرتبہ ان کے معاون رہ چکے ہیں، شیخ ربانی کی انتظامی صلاحیتوں، خلوص اور تعلیمی میدان میں ان کی گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں صاحبِ اعزاز شیخ ربانی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پر منتظمین، اساتذہ، مجلسِ انتظامیہ اور تمام حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معلمی ان کے لیے صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ عبادت اور خدمتِ خلق کا ذریعہ رہی ہے، اور وہ اپنی پوری ملازمت کے دوران ملنے والے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ تقریب میں اسکولی مجلسِ انتظامیہ کے صدر عقیل مولانا، نائب صدر شیخ وسیم سمیت متعدد معززین شریک ہوئے۔ پروگرام کی کامیابی میں صدر مدرس محمد اشفاق شیخ نور، صادق شاہ، اکبر خان، شیخ رفیق، شیخ عقیل، فیض الاسلام، مظہر خان، شیخ عظیم، سید مظفر، شیخ امین، محترمہ طوبی، سمیہ اور ادیبہ کے علاوہ نامزد اساتذہ شیخ ارشاد اور شیخ نعیم نے نمایاں کردار ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ عظیم نے رسمِ شکریہ ادا کی۔