بیڑ ، عبدالرشید چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام مستحق و ہونہار طلبہ میں تعلیمی سامان کی تقسیم سید حسین اختر کے ہاتھوں کتابیں اور کاپیاں تقسیم، تعلیم کو قوم کی ترقی کی بنیاد قرار دیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 04, 2026
0
share
کھام گاؤں ( واثق نوید)عبدالرشید چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے علاقہ اسلام پورہ، بارہ دری مسجد کے احاطے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے نہم اور دہم جماعت کے طلبہ میں کتابوں اور کاپیوں کی تقسیم کا باوقار پروگرام منعقد کیا گیا.
تقریب میں مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کے کارگذار چیئرمین سید حسین اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے دستِ مبارک سے طلبہ و طالبات میں نصابی کتابیں اور کاپیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر طلبہ کے چہروں پر خوشی اور اعتماد نمایاں تھا اور والدین نے بھی اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے ٹرسٹ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔
اس مختصر مگر باوقار نشست کی صدارت معروف سماجی شخصیت زبیر صاحب نے کی، جبکہ سیدہ حنا باجی نے نہایت شائستگی، روانی اور خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دے کر سامعین سے بھرپور داد وصول کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید حسین اختر نے کہا کہ:"تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو افراد کی زندگیوں کو سنوارنے اور قوموں کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی تعلیمی معاونت دراصل مستقبل کے معماروں کی حوصلہ افزائی ہے۔ عبدالرشید چیرٹیبل ٹرسٹ کا یہ خدمتِ خلق پر مبنی اقدام نہ صرف قابلِ تحسین بلکہ دیگر سماجی اداروں کے لیے بھی ایک مثالی نمونہ ہے۔ اگر معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد اسی جذبۂ ایثار کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگے آئیں تو کوئی ہونہار بچہ وسائل کی کمی کے باعث اپنی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ "تقریب کے اختتام پر ٹرسٹ کے ذمہ داران نے تمام مہمانوں، معزز شخصیات اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ ضرورت مند طلبہ کی تعلیمی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے کا ہر بچہ بہتر تعلیم حاصل کرکے ملک و ملت کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکے۔