کھام گاؤں ، مولانا ابوالکلام نگر پریشد سیمی انگلش اسکول کی شاندار کامیابی پری میٹرک اسکالرشپ امتحان میں طالبات کی نمایاں کارکردگی، اسکول کا نام روشن
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 17, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) تعلیمی میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کرنے والی مولانا ابوالکلام نگر پریشد سیمی انگلش اسکول، ضیا کالونی کھام گاؤں نے ایک بار پھر اپنی معیاری تعلیم اور بہترین تدریسی نظام کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ضلع بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اسکول کی دو ہونہار طالبات نے جماعت چہارم کے پری میٹرک اسکالرشپ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرٹ فہرست میں جگہ بنائی ہے ۔ اسکول کی ذہین طالبہ زہرا سہیل احمد دیشمکھ نے ضلعی سطح کی میرٹ فہرست میں تیسرا مقام حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے اسکول کا نام روشن کیا ہے، جبکہ خنسا فاطمہ سید سمیر نے دسواں مقام حاصل کرکے اپنی علمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ دونوں طالبات کی یہ کامیابی مسلسل محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کے تعاون کا حسین امتزاج ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ کامیابی کوئی اتفاقی امر نہیں بلکہ اسکول کی مسلسل تعلیمی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل بھی جماعت پنجم کی اسکالرشپ میرٹ فہرست میں اسکول کی طالبہ اریبہ اقیلمہ نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے ادارے کی تعلیمی برتری کو ثابت کیا تھا۔ مولانا ابوالکلام نگر پریشد سیمی انگلش اسکول گزشتہ کئی برسوں سے تعلیمی معیار، نظم و ضبط، طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے حوالے سے علاقے میں ایک معتبر شناخت رکھتا ہے۔ اسکول کے اساتذہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی محنت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں طلبہ مختلف تعلیمی مقابلوں اور امتحانات میں مسلسل نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ اس شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور اہلِ علاقہ نے طالبات کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ تعلیمی حلقوں نے بھی اس کامیابی کو اسکول کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور موثر تدریسی نظام کا مظہر قرار دیا ہے۔