کھام گاؤں،واثق نوید ریاستی چینج میکر ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز نے کیا سماجی ، تعلیمی خدمات کا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 17, 2026
0
share
کھام گاؤں ( نمائندہ)ضلع بلڈھانہ اور بالخصوص کھام گاؤں کے لیے یہ ایک تاریخی اور قابلِ فخر لمحہ ہے کہ معروف ماہرِ تعلیم، ممتاز سماجی کارکن، ادیب، صحافی اور ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی کے صدر مدرس واثق اللہ خان (واثق نوید) کو ملک کی معروف بین الاقوامی تنظیم ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (AMP) کی جانب سے "ریاستی چینج میکر ایوارڈ 2026" کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی برسوں پر محیط بے لوث تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ہے۔ ۔AMP کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ان لائن چھٹے قومی ایوارڈز برائے سماجی خدمات (NASE 2026) میں ملک بھر سے منتخب سماجی رہنماؤں، تعلیمی ماہرین، فلاحی اداروں اور عوامی خدمت انجام دینے والی شخصیات کے ناموں کا اعلان یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو شام 7 بجے کیا گیا۔ اس سال ہندوستان بھر میں 211 ایوارڈز کا اعلان کیا گیا، جبکہ مہاراشٹر سے ریاستی چینج میکر ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے والی صرف 10 ممتاز شخصیات میں واثق نوید کا شامل ہونا ان کی خدمات کی غیر معمولی اہمیت اور اثر پذیری کا واضح ثبوت ہے۔ واثق نوید گزشتہ کئی برسوں سے اردو تعلیم کے فروغ، طلبہ کی تعلیمی رہنمائی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، مطالعہ و تحقیق کے رجحان کی ترویج، ادبی سرگرمیوں کے انعقاد، سماجی بیداری اور صحافتی میدان میں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے اپنی عملی قیادت اور وژن کے ذریعے ایسے متعدد تعلیمی اور سماجی منصوبوں کو کامیابی سے روبہ عمل بنایا جن سے کئی طلبہ، اساتذہ اور عوام مستفید ہوئے ہیں۔ ان کی خدمات نے نہ صرف اردو تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ، شعور اور ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار کی ہیں۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق واثق نوید نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کو عوامی خدمت کے لیے وقف رکھا۔ ان کی شخصیت علم، خدمت، اخلاص اور قیادت کا حسین امتزاج سمجھی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اساتذہ، طلبہ، ادباء، صحافیوں اور سماجی کارکنان میں یکساں طور پر مقبول اور قابلِ احترام ہیں۔ ۔AMP نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایوارڈ یافتگان وہ افراد ہیں جو خاموشی کے ساتھ معاشرے میں مثبت تبدیلی، سماجی انصاف، تعلیم کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ تنظیم نے اس اعزاز کے ذریعے واثق نوید کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں نئی نسل کے لیے ایک مثالی رہنما قرار دیا ہے۔
واثق نوید کی اس قومی سطح کی کامیابی پر ضلع بلڈھانہ، کھام گاؤں اور ریاست مہاراشٹر کے تعلیمی، ادبی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف تنظیموں، دانشوروں، اساتذہ، سماجی کارکنان اور عوامی نمائندوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ پورے ضلع بلڈھانہ، اردو برادری اور شعبۂ تعلیم کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔
بلاشبہ ریاستی چینج میکر ایوارڈ 2026 واثق نوید کی مسلسل محنت، خلوص اور عوامی خدمت کے جذبے کا روشن اعتراف ہے، جو آنے والی نسلوں کو تعلیم، خدمتِ خلق اور مثبت سماجی تبدیلی کے لیے نئی تحریک فراہم کرتا رہے گا۔