کنجہرہ میں مشن UPSP کے تحت تعلیمی بیداری پروگرام ڈاکٹر عبد الکریم سالار کا تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور اردو شکشک سنگھٹنا کے عہدیداران سے تبادلۂ خیال
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 30, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) طلبہ کو مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کرنے اور ان میں اعلیٰ تعلیمی مسابقت کا شعور پیدا کرنے کے مقصد سے مشن UPSP کے تحت جلگاؤں خاندیش سے ماہرِ تعلیم، سماجی خدمت گار اور اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج ڈاکٹر عبد الکریم سالار نے اپنے رفقاء کے ہمراہ کنجہرہ کا دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی رہنمائی اور مشن UPSP کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر عبد الصمد اردو ہائی اسکول، کنجہرہ میں مشن UPSP کے تعارف، امتحان کی تیاری، نصاب اور طلبہ کے لیے اس کی افادیت کے موضوع پر ایک تعارفی پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا انعقاد الفلاح ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر عبد المجید کی جانب سے کیا گیا۔جبکہ ایڈوکیٹ ٹی ایم حسین بھی بطورِ خاص موجود تھے ۔ پروگرام میں ہارون بشیر اور وقار احمد نے مشن UPSP کے مختلف پہلوؤں، امتحانی طریقۂ کار اور طلبہ کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد الکریم سالار نے کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں طلبہ کو ابتدائی جماعتوں ہی سے مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مشن UPSP کی ضرورت، اس کے ممکنہ نتائج اور طلبہ کے مستقبل پر اس کے مثبت اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس پروگرام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ لائحۂ عمل مرتب کرنے پر زور دیا۔ پروگرام کی نظامت محمود خان نے کی، جبکہ واثق نوید نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
پروگرام کی کامیابی کے لیے شیخ عارف سر اور ان کے رفقاء نے خصوصی محنت کی۔ پروگرام کے اختتام پر طے پایا کہ مشن UPSP کے حوالے سے جلد ہی جماعت ہفتم تا نہم کے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں طلبہ کو امتحان کی تیاری، نصاب اور مستقبل کے تعلیمی مواقع کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔