اٹالی ، ڈاکٹر عبدالکلام کے یومِ پیدائش پر ضلع پریشد اردو اسکول میں مطالعے کی تحریک؛ طلبہ میں غیر نصابی کتابیں تقسیم اجتماعی مطالعے، لائبریری کے تعارف اور مختلف مطالعاتی سرگرمیوں کا انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) طلبہ میں کتب بینی کا ذوق پیدا کرنے، مطالعے کی عادت کو فروغ دینے اور علم و شعور کی اہمیت اجاگر کرنے کے مقصد سے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی میں یومِ ترغیبِ مطالعہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ بھارت کے گیارہویں صدرِ جمہوریہ، بھارت رتن اعزاز یافتہ ممتاز سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ پیدائش 15 اکتوبر کے موقع پر حکومتِ مہاراشٹر کے محکمۂ تعلیم اور مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کی ہدایات کے مطابق اسکول میں مختلف مطالعاتی و تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر طلبہ کو اسکول لائبریری کا تعارف کراتے ہوئے اس کے طریقۂ کار، کتابوں کے انتخاب اور مطالعے کے فوائد کے تعلق سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ مطالعہ نہ صرف علم میں اضافے کا اہم ذریعہ ہے بلکہ اس سے زبان و بیان میں نکھار، تخلیقی صلاحیتوں کی نشوونما، بہتر سوچ و فکر اور خود اعتمادی کو بھی فروغ ملتا ہے۔ پروگرام کے تحت اسکول لائبریری سے طلبہ کی پسندیدہ کتابوں کا انتخاب کرکے اجتماعی مطالعے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں غیر نصابی کتابیں تقسیم کی گئیں، تاکہ ان میں نصابی تعلیم کے ساتھ عمومی معلومات، سائنسی شعور اور ادبی ذوق کو بھی پروان چڑھایا جاسکے۔ طلبہ نے تمام سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مطالعے کے تئیں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ یومِ ترغیبِ مطالعہ کے موقع پر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی حیات و خدمات کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ان کی سادہ زندگی، سائنسی خدمات، بلند عزائم، مسلسل محنت اور حصولِ مقصد کے لیے غیر متزلزل عزم سے طلبہ کو واقف کرایا گیا۔ اس موقع پر ان کا مشہور پیغام ’’خواب وہ نہیں جو آپ نیند میں دیکھتے ہیں، بلکہ خواب وہ ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے‘‘* پیش کرتے ہوئے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے، بلند مقاصد متعین کرنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت و لگن سے کام کرنے کی ترغیب دی گئی۔ اسکول میں منعقدہ تمام سرگرمیاں صدر مدرس واثق اللہ خان کی قیادت و نگرانی میں معاون مدرسین ثاقب اعزاز اور محمد ندیم شیخ متین کے تعاون سے نہایت منظم اور خوبصورت انداز میں انجام دی گئیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ میں کتاب دوستی کا جذبہ بیدار کرنا، اسکول لائبریری سے استفادے کی عادت پیدا کرنا اور مطالعے کے ذریعے ان کی علمی و فکری صلاحیتوں کو پروان چڑھانا تھا۔ اس طرح یومِ ترغیبِ مطالعہ کے ذریعے طلبہ کو یہ پیغام دیا گیا کہ کتابیں علم کی بہترین ساتھی ہیں اور مطالعے کی عادت ہی کامیابی، شعور اور روشن مستقبل کی بنیاد بنتی ہے۔ x