"آئی جی سی" بلڈانہ کا قابل ستائش و قابل تقلید عمل
کھام گاؤں (واثق نوید)
جمعیت اہلحدیث بلڈانہ کے زیر نگرانی ایک ایمبولینس سروس کا آغاز ہوا ہے ۔جس کا افتتاح گذشتہ روز فضیلۃ الشیخ ارشد مختار رئیس جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں کے دست خاص سے روبہ عمل آیا۔
اسلامک گائیڈنس سینٹر بلڈانہ کی دینی و ملی خدمات اب علاقے کے عوام کے لیے غیر مانوس نہیں ہے۔شہر بلڈانہ میں یہ لوگ غریبوں کی جو غم خواری کرتے ہیں وہ سب پر عیاں ہیں۔بیت المال کے ذریعے بڑے پیمانے پر فقرا و مساکین کی بنیادی ضرورتیں پوری کی جاتی ہیں۔ہر ماہ راشن کی تقسیم کپڑوں کی تقسیم اس کے علاوہ سویٹر اور بلینکٹ کی تقسیم،گھروں کی تعمیر اور مرمت ان کے اہم کاموں میں سے ہیں۔بیت المال کے علاوہ ان کا ایک کونسلنگ ادارہ بھی ہے جو لوگوں کے مسائل میں ان کی معاونت کرتا ہے۔کل اس جمعیت نے اپنی خدمات میں ایک اور اضافہ کیا ہے جو ایمبولینس سروس کی صورت میں نمایاں ہوا ہے۔ جس کا افتتاحی پروگرام گذشتہ کل بعد نماز جمعہ منعقد ہوا۔ فضیلۃ الشیخ ارشد مختار حفیظ اللہ نے اپنے دست خاص سے ایمبولینس کا افتتاح کیا۔اس افتتاحی تقریب میں موصوف کے ساتھ مالیگاؤں سے تشریف لائے دیگر مہمانان ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ مدنی پرنسپل کلیۃ اللغۃ العربیہ والدراسات الاسلامیہ منصورہ ، ڈاکٹر محمد نسیم عبدالجلیل مدنی وائس پرنسپل کلیۃ اللغۃ العربیہ والدراسات الاسلامیہ منصورہ ، مدنی،شیخ عبدالوحید ندوی استاد کلیہ عائشہ صدیقتہ للبنات منصورہ بھی موجود تھے۔فضیلۃ الشیخ ارشد مختار نے خطبہ جمعہ بھی دیاجس میں انھوں نےاسلام میں سوشل ورکنگ کی اہمیت اس موضوع پر پر اثر انداز میں روشنی ڈالی۔مزید برآں بعد نماز مغرب مسجد میں تربیتی پروگرام ہوا جس میں "فتنوں کے دور میں مسلمانوں کا موقف" اس موضوع پر ڈاکٹر محمد یوسف نے اور "موجودہ دور میں عورتوں کے حقوق اور ان کی ذمہ داریاں" اس عنوان کے تحت شیخ عبدالوحید ندوی نے خطاب کیا ۔