کھام گاؤں (واثق نوید) 9 نومبر 2021 ، بروزِ منگل کنمبی سماج فنکشن ہال شیگاؤں میں، سہارا گروپ کی جانب سے مشہور سیاسی و سماجی شخصیت زبیر سہارا کے جنم دن کے موقع پر ، بھائی امن کی زیرِ صدارت عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرے کے کنوینر انیس شوق نے محفل کو خوبصورت انداز سے سجایا۔ محفل کا آغاز حافظ عزیز الرحمن نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔بعد ازاں مہمانان و شعرائے کرام کا استقبال کیا گیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر قاسم امام ممبئی ، غنی غازی لاکھنواڑا ، ڈاکٹر اسلم خان ، شیلندر دادا پاٹل ، دادو سیٹھ چھکلی ، شیخ ابراہیم ایرانی، حاجی محمد اقبال، حاجی افسر بیگ ، سید عرفان سیلانی، بڈھن جمعدار اور سید ناصر سیلانی اسٹیج پر رونق افروز تھے۔ ابتدائی و استقبالیہ تقریب کی نظامت ایڈوکیٹ متین طالبؔ نے بخوبی انجام دی۔
اور مشاعرہ کی باقاعدہ نظامت معین ادیب علیمی اپنے منفرد لب و لہجہ میں کرکے محفل کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ غنی غازی اور ڈاکٹر قاسم امام نے محفل سے خطاب کیا۔ شیگاؤں کے مشہور و معروف شاعر فاروق رضا نےاپنی مسحور کن آواز میں نعت کے بہترین اشعار پیش کرکے محفل کو اعتبار بخشا۔ اس محفل میں علاقۂ برار سے کئی معتبر شعرائے کرام نے شرکت فرماکر اپنے شہر کی نمائندگی کی۔ محفل میں ڈاکٹر قاسم امام، لطیف ثانی، التمش شمس، انیس شوق، فاروق رضا، ایڈوکیٹ متین طالب ، عقیل ساحر ، سلیم چوہان، شکیل ساحر، امین خان وسیم ، اظہر عاطف، لقمان ملک نے اپنا منتخب کلام پیش کرکے سامعین کو بے حد متاثر کیا۔ سامعین نے سبھی شعرائے کرام کو بھرپور داد و تحسین سے نوازتے ہوئے اپنی ادبی ذوق و شعر فہمی کا ثبوت پیش کیا۔