تحریک کے وابستگان کو اپنی تحریک سے والہانہ عشق اور نصب ُ العین سے انتہائی محبت تحریک کو کامیاب بناتی ہے۔
جلگاؤں (عقیل خان ): جماعت اسلامی ہند،حلقہ ئمہاراشٹر کے معاون امیر مولانا اِلیاس فلاحی صاحب (اورنگ آباد)کا حال ہی میں جلگاؤں شاخ کا دورہ عمل میں آیا۔موصوف کی آمد کے موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے جماعت اسلامی ہند،جلگاؤں کی جانب سے مختلف پروگرامس ترتیب دئے گئے جن میں مسجد ِ فاطمہ ؓ،مہرون میں علمائے کرام اور عمائدین ِشہر جلگاؤں کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔نشست میں مولانا اِلیاس فلاحی نے کہا کہ ملک کے بدلتے حالات کے تناظر میں مسلم نوجوان لڑکے لڑکیوں کی بے راہ روی انتہائی تشویشناک ہے۔آج ہمیں یکسر کئی سارے محاز وں پر صف آراء ہونے کی ضرورت ہے۔اس کے لیے قوم کی مذہبی قیادت کو آگے آکر اپنے حصّے کا کام سنجیدگی اور اِستقلا ل کے ساتھ انجام دینا چاہئے۔جمعہ کے خطبوں میں،اِصلاح معاشرہ کے عنوان سے ہونے والے پروگرامس میں اور مسلم بیٹیوں کے لیے خصوصی طور پر مختلف پروگرامس کے مواقع پیدا کرکے ذہن سازی کی جاسکتی ہے۔
پروگرام میں موجود علمائے کرام وعمائدین سے اس بابت مختلف آراء وتجاویز بھی لی گئیں۔اس نشست سے قبل مسجد نور،کاٹیا فائیل میں جماعت کے متعلقین کے لیے ماہانہ تزکیہ اجتماع منعقد کیا گیا جسکا آغاز محمد سمیع صاحب (حلقہ سیکریٹری:شعبہئ عوت) کے درس قرآن سے ہوا۔بعد ازیں مقامی جماعت کا استحکام کیسے کریں؟اس عنوان پر مذاکرہ منعقد کیا گیا اس پر مولانا اِلیاس فلاحی صاحب نے تبصرہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک کے وابستگان کو اپنی تحریک سے والہانہ عشق اور نصب ُ العین سے انتہائی محبت ہونی ہی چاہئے بہ وقت ِ ضرورت مناسب قربانیوں کے دینے کے ہمہ تن گوش تیاری بھی تحریک کے مشن کو کامیاب بنانے میں معاون ممد ہوتی ہے۔اسی کے متوازن اقراء شاہین اسکول کے میدان پر خواتین کے لیے اہم اجتماع رکھا گیا۔جماعت کی جانب سے گزشتہ دنوں خواتین اور مسلم طالبات میں اسلامی احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دلانے کی ایک کوشش کے طور پر سیرت ِ صحابیات ؓ کی معلومات کی سوشل میڈیا پر سیریز چلائی گئی تھی۔اسی کی آخری کڑی کے طور پر خواتین کے اس اجتماع میں محترمہ مبشرہ فردوس صاحبہ (اورنگ آباد)کا خطاب عام منعقد کیا گیا۔متذکرہ تمام پروگرامس میں امیر ِ مقامی محمد سہیل امیر،نائب امیر مقامی شیخ مشتاق احمد،و دیگر وابستگان موجود تھے۔کامیابی کے لیے جاعت اسلامی ہند،جلگاؤں کے تمام وابستگان نے محنت کی۔
تصویر میں: جماعت اسلامی ہند کے متذکرہ تینوں پروگرامس کی مختلف جھلکیاں