جلگاوں : محمد طاہر پٹنی اردو ہائی اسکول پالدھی ضلع جلگاوں میں، مالیگاوں میں مورخہ 18 تا 26 دسمبر تک جاری رہنے والے اردو کتاب میلہ کی تشہیر کے لئے ایک جلسہ کا اہتمام کیا گیا. جس کی صدارت صدر مدرس مشتاق کریمی نے کی. ابتدائی کلمات سینئر مدرس شاہ سعید نے ادا کیے. اس موقع پر پروجیکٹر کے ذریعے بچوں کو کتاب میلے کا خوبصورت دعوت نامہ نہ صرف دکھایا گیا بلکہ ہر روز منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریبات کی تفصیلات بھی بتائی گئیں
صدر مدرس مشتاق کریمی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں الیکٹرانک میڈیا کی یلغار کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں. کاش یہ ممکن ہوتا کہ ہم تمام ہی بچوں کو اس میلے کی سیر کرا پاتے. انھوں نے مزید کہا کہ مالیگاوں اور اس کے قرب و جوار میں رہنے والے اپنے رشتہ داروں سے بڑے حق سے آپ اردو کتابوں کی فرمائش کیجئے اور اس میلے کی کامیابی کے لیے دعا بھی فرمائیں. اس موقع پر عقیل عزیز، ثمرین کلیم اور روبینہ رسول بھی موجود تھے