جمیعۃ العلماء و مدرسہ فیض محمدی کے اشتراک سے اذان اورمسابقۃ القرآن کا کامیاب انعقاد
جلگاؤں (شیخ زیان احمد):”اسلام کی تابناک تاریخ کے جھروکوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کے پیرووں نے اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے،سیرت مصطفٰیﷺ اور قرآن سے بہت مضبوطی سے جوڑے رکھا تھا یہی وجہ ہے کہ ان کو دنیا کے تھپیڑے کبھی زیر نہیں کرپائے۔“ان خیالات کا اظہار جلگاوں شہر قاضی مفتی سید عتیق الرحمن قاسمی صاحب نے شہر میں مسابقہ القرآن واَذان کے انعامات کی تقریب میں کیا۔واضح ہو کہ جمیعۃ العلماء اور مدرسہ فیض محمدی (ص) رضا کالونی مہرون جلگاؤں کے اشتراک سے شہر کے تمام مکاتب و مدارس میں قرآن کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے مسابقتہ القرآن واَذان کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مسلم اکثریتی علاقہ مہرون اور شہر کے مختلف محلوں سے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسابقۃ جامع مسجد،فیپور کے اما م و خطیب مولانا طاہر پٹیل صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج پوری دنیا میں ہماری ذلّت وخواری کا ایک اہم سبب یہ بھی ہے کہ ہم نے اللہ کی رسّی یعنی قرآن کو مضبوطی سے تو کیا ہلکا ہلکا بھی نہیں پکڑا۔لہٰذا اس طرح کے مقابلے کا اِنعقاد اپنی آنے والی نئی نسل میں قرآن سے رغبت اور محبت ضرورپیدا کریں گے اور یہ ہمیں عمل پر بھی اُبھاریں گے۔اسی کے ساتھ مدعو علماء وحاضرین نے جمیؑہ العلماء اور بالخصوص مدرسہ فیض محمدی ﷺ کی ان کاوشوں کو خوب دعاؤں سے نوازا۔مسابقتہ کے لیے بطور حکم (جج) مفتی ابوذر اشاعتی(ملکاپور)،مفتی ناظم احمد (بھساول)، مولانا نور محمد (مارول)، حافظ انس عروجی (فیض پور) نے اپنی خدمات انجام دیں۔ساتھ ہی اذان کی آواز ایسی ہوں کہ کیا مسلم کیا غیر سبھی اس دعوت ِ فلاح سے لطف اندوز ہوں اس مقصد کے لیے اذان کے الفاظ کی صحیح ادائیگی اور خوش گلو آواز کا بھی مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔اس میں بھی طلبہ نے اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔غور طلب ہے کہ تمام ججز بیرون شہر کے مدعو تھے۔ مسابقتہ میں پانچ فرع (زمرے) طئے کئے گئے تھے جن میں انعام پانے والے طلبہ اور ان کی فرع کی تفصیلات درج ذیل کے مطابق ہیں۔
فرع اول: (پارہء عم حفظ مکمل) محمد سعد ساجد خان (اوّل)، عبدالمقیت محمد رفیق شیخ(دوّم)، محمد عمر محمد ناصر (سوّم)۔
فرع ثانی: (پارہ عم نصف آخر) اُم کلثوم مفتی افضل (اوّل)، محمد حذیفہ (دوّم)، شیخ سہیل شکیل (سوّم)۔
فرع ثالث: (پارہ عم مکمل ناظرہ) محمد معاذ مختار پٹیل (اوّل)، حسیب شیخ یوسف (دوّم)، مہوش صادق (سوّم)۔
فرع ربع: (نورانی قاعدہ مکمل) محمد عمیرجاوید(اوّل)،ایمن عمران پٹیل (دوّم)،مصعب شیخ مختار(سوّم)۔
فرع خامس: (اذان) زید بن سعید (اوّل)،جو اّد سید جعفر (دوّم)،فرحان ابن فرید (سوّم)۔
مقابلہ کی تمام تر کامیابی کے لیے جمیعۃ العلماء جلگاؤں کے سیکریٹری نیزمدرسہ فیض محمدی ﷺ کے منتظم حافظ مختار پٹیل،حافظ مشتاق ساحل،مولانا اشفاق صاحب (مسجد ِ بلالؓ،تانبہ پورہ)،مفتی مصیب الرحمن مظاہری ساتھ ہی جمیعۃ العلماء جلگاؤں کے سیکریٹری نیزمدرسہ فیض محمدی ﷺ کے جملہ اراکین و متعلقین نے کاوشیں کیں۔
تصویر میں: مسابقہ القرآن واَذان کا ایک منظر