نئی دہلی:(اُردو لیکس)سعودی عرب میں ایک ہی دن میں 81 مجرموں کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔سعودی سلطنت کی حالیہ تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک ہی دن میں اتنے زیادہ افرادکوموت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے پھانسیوں کا اعلان کرتے ہوۓ کہا ہیکہ ان میں وہ مجرم شامل تھے، جو مختلف جرائم کے مرتکب ہوۓ اور جنہوں نے مردوں، بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔ ان میں سے کچھ القاعدہ اور داعش کے رکن تھے جبکہ حوثی باغیوں کو معاونت فراہم کرنے والوں کو بھی پھانسی دی گئی ہے۔سعودی عرب میں گزشتہ ایک عشرے میں اتنے بڑے پیمانے پر پھانسیاں 2016 میں دی گئی تھیں۔ اس وقت ایک ہی دن میں 47 افرادکو تخت دار پر چڑھادیا گیا تھا۔اس کے بعد 2019 ء میں ایک ساتھ 37 افراد کو پھانسیاں دی گئیں تھیں۔ تب ان افراد پر دہشت گردی کے الزامات عائد تھے۔