جلگاؤں ( عقیل خان بیاولی) قدیم شہر کی نو آبادی حاجی احمد نگر میں گرمی تعطیلات کے پیش نظر ٢١روزہ" عربی انگریزی اسپوکن کلاس "کا انعقاد مسجد ارقم ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔جس میں شہر کے طلبہ نے بڑے جوش خروش کے ساتھ حصہ لیا.
یوں تو فی زمانہ تعطیلات کے دوران مختلف طرح کے پروگرامس کلاسیس گیمس سیمینارس فیشن بنتے جارہے ہیں اور والدین و سرپرست حضرات بھی ان میں داخلہ کو بڑی اہمیت دیتے نظر آرہے ہیں ان میں اکثریت پروفیشنل کی ہوتی ہے خیر مگر قابل مبارکباد ہے ارقم مسجد ٹرسٹ جس نے وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نونہالوں کے لئے عربی انگریزی اسپوکن کلاس کا انعقاد کرکے تاریخ مرتب کی۔
جس کا مقصد یہ ہے کہ بچوں میں عربی انگریزی زبان و ادب کی دلچسپی پیدا ہو،اور ان زبانوں کو جہاں مشکل سمجھ کر ڈر رہے ہیں ان کا ڈر ختم ہو جاے وہ ان زبانوں پر مہارت حاصل کر کے دین ودنیا دونوں سمجھ لیں ۔یہاں طلبہ کو ٢١دنوں تک جہاں عربی انگریزی کے قواعد صرف نحو سکھاۓ گئے۔ طلبہ کو بنیادی اسلامی تعلیمات،آداب زندگی، روزمرہ کے شرعی مسائل، انگریزی زبان کی باریکیاں اس کی مختلف اصناف سخن دنیا میں انگریزی کی بڑھتی اہمیت بتائیں گئی جن کے طلبہ پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ اختتامی پروگرام مولانا حنیف ہدائی صاحب ( بھساول) کی صدارت میں 12 جون 2023 کو بعد نماز مغرب مسجدارقم میں منعقد ہوا اس موقع پر مولانا مزمل ندوی (پروفیسر ایج جے تھیم کالج جلگاؤں) ڈاکٹر ہارون بشیر ، (صدر مدرس اقرا اردو اسکول سالار نگر جلگاؤں) شیخ گلاب اسحاق ( صدرِ مدرس اقرا شاہین اردو ہائی اسکول مہرون جلگاؤں)،عتیق شیخ (صدر مسجد ارقم ٹرسٹ )،ڈاکٹر جاوید(ریجنل شوری ممبر وحدت اسلامی) ،محترم مولانا عمیر نصیر ندوی (امام وخطیب مسجد ارقم جلگاؤں)، فہیم شیخ مختار، نوید عبد الغفار سر بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔
آغاز عفّان احسن کی تلاوت سے ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید نے غرض و غایت بیان کی گلاب سر نے انعام یافتہ بچوں کو،ان کے والدین کو مبارکباد دی،ٹرسٹ کے صدر واراکین کے اس اقدام کو قابل ستائش کہا۔ ڈاکٹر ہارون بشیر نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ جہاں انگریزی سیکھنا ضروری ہے وہی عربی زبان سیکھنا بھی ضروری ہے۔مولانا مزمل ندوی نے زبان کی اہمیت اور بولنےکی صلاحیت پر گفتگو کی تینوں اساتذہ کرام نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
صدر جلسہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ " بچاؤ اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کی جہنم کی آگ سے "، " آپ نے والدین سے گزارش کی کہ اپنے بچوں کو ایسی اسکولوں میں داخل مت کرو جہاں ان کی آخرت خراب ہو۔" اس موقع پر کل ١٢ بچوں کو ٹرافی،سرٹفیکیٹ اور بچوں کی کتاب نورِ محمدی دے کر حوصلہ افزائی کی گئی ساتھ ہی تمام شریک بچوں کو سرٹیفکیٹ اور نورِ محمدی کتاب دی گئی۔
بچوں نے اس موقع پری عربی انگریزی زبانوں میں مکالمے، انفرادی تعارف اور تقاریر پیش کیں ۔انعام یافتہ بچوں کی ماؤں کو دیوار گھڑی دے کر ان کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ شرکاء اجتماع اور بچوں کے تاثرات یہ تھے کہ اس طرح کے پروگرام بار بار منعقد ہوں اور ہر مسجد والے ہر علاقے میں رکھیں ۔
نظامت کے فرائض شکیل خان سر اور حذیفہ شیخ عتیق نے انجام دیے، کامیابی کے لئے ٹرسٹ کے تمام ذمہ داران نے اہم کردار ادا کیا۔ مولانا مزمل ندوی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔