مالیگاؤں (راست) مُلک و مِلَّت کی سو سالہ قدیم مِلّی تنظیم جمیعت العلماء مہاراشٹر کے قانونی امداد کمیٹی کے محرک و سکریٹری گلزار اعظمی صاحب کی علالت کے باعث رحلت پر جماعت اسلامی ہند ضلع ناشک کے ناظم فیروز اعظمی و امیر مقامی شاہد اقبال (فیمس) نے رنج و غم کے اظہار کے ساتھ تعزیت مسنونہ پیش کی ہے _ ہر دو صاحبان کا احساس ہے کہ گلزار اعظمی صاحب نے ملک و ملت کے مسلمانوں میں عزم حوصلہ اور اعتماد پیدا کرنے کے لیے جو عملی کوششیں کی ہیں وہ اظہر من الشمس ہیں _
مرحوم گلزار اعظمی نے بے قصور نوجوانوں کو جنہیں اے ٹی ایس، این آئے اے اور دیگر اینٹیلی جنس محکموں نے محض شک و شبہ میں کسی نہ کسی معاملے میں پھانس کر قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے پر مجبور کیا انہیں قانونی امداد پہنچانے اور ان کا کیس نچلی عدالت سے سپریم کورٹ تک لڑنے کے لیے جس ثابت قدمی کا مظاہرہ اخیر عمر تک کیا ہے لائقِ تحسین و ستائش ہے _
گزشتہ دو ڈھائی دہائیوں سے وہ اس محاذ پر ثابت قدم تھے _ نہ ہی دھمکیوں سے مرعوب ہوئے اور نہ ہی ایجنسیوں سے ڈرے بلکہ جمیعت کے بینر تلے اس کام کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے _ علالت کے بعد آج ان کی رحلت کی خبر سے دل رنجور ہے مگر امر الہی پر سر تسلیم خم ہے _
رب کریم ملک و ملت کے اس خیر خواہ کی مغفرت فرمائے، سئیات کو حسنات سے مبدل فرمائے ،ان کی کوششوں اور کاوشوں کو قبول فرمائے ،رفیع درجات کا سبب بنائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ،ملت اور جمیعت کو ان کا صحیح جانشین عطا فرمائے، جس کاز کے لیے وہ تادم آخر متحرک رہے اس کاز کو مکمل فرمائے، آمین ثم آمین یا رب العالمین
شریکان غم :جماعت اسلامی ہند، ضلع ناشک و مالیگاؤں

