بھیونڈی (پریس ریلز) کے شانتی نگر علاقے میں گنجان آبادی کے درمیان نو نہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والا ادارہ خواجہ غریب نواز اردو پرائمری و ہائی اسکول میں بروز سنیچر 16 ستمبر 2023ء دہم جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے کرئیر گائیڈینس، اسکالرشپ اور دسویں امتحان کی تیاری کیسے کریں ؟
ان موضوعات پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پبلک ایجوکیشن اینڈ ویلفئیر سوسائٹی کے سیکریٹری شیخ اسمعیل، ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس حمیرہ مومن اور سینئر معلم اسرار احمد نے مہمانان کا استقبال کیا اور ان کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
کرئیر کاؤنسلر عبدالمجید انصاری نے دسویں امتحان کی تیاری کیسے کریں؟ اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کرئیر کاؤنسلر فیاض احمد مومن نے مختلف اسکالرشپ اسکیموں اور اہم تعلیمی دستاویزات کی تفصیلی معلومات فراہم کی۔
کرئیر کاؤنسلر فہیم احمد مومن نے دسویں اور بارھویں کے بعد کے اہم کورسیس، اہلیتی امتحانات اور ابتدائی تیاریوں سے متعلق طلبہ کو روشناس کرایا۔ اسکول کے دہم جماعت کے دو سو سے بھی زائد طلبہ و طالبات نے اپنے شکوک رفع کیے، مختلف موضوعات پر سوالات پوچھے اور سرگرم شرکت کرتے ہوئے پروگرام سے بھرپور استفادہ کیا۔
اسکول ہذا کی سینئر معلمہ سائرہ مس نے شکریہ اداکیا۔ پروگرام کی کامیاب نظامت فرحانہ مس نے کی۔




