کھام گاؤں:4/اکتوبر (واثق نوید) ریاست مہاراشٹر میں نمائندہ کارکردگی کرنے والے اساتذہ اکرام کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ناندیڑ کی فعال سماجی تنظیم بانو ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ناندیڑ نے فروغ اردو سوسائٹی ناندیڑ کے مشترکہ تعاون سے ایڈوکیٹ سید بہاء الدین ریاستی مثالی معلم ایوارڈ سے نوازا۔
یہ ایوارڈ مراٹھواڑہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت،ماہر قانون ایڈوکیٹ سید بہاء الدین مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔معلوم رہے کہ موصوف نے عملی زندگی کے اولین دور میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیے۔بعد میں وکالت کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی مسلم سماج کے لیے بہت کام کیا۔
ایوارڈ کی تقسیم کے لیے ۲ اکتوبر ۲۰۲۳ کو ناندیڑ کے اردو گھر کی پر شکوہ عمارت میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی۔اس پُروقار تقریب کی صدارت عزّت مآب شکشک آمدار شری وکرم وسنت راؤ کاڑے صاحب نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں مفتی ایوب قاسمی صاحب، ڈائریکٹر مانو پروفیسر محمد عبدالسّمیع صدّیقی، او۔ایس۔ڈی مانو پروفیسر محمود صدّیقی، سابق ایم ایل اے بیڑ ایڈوکیٹ سراج دیشمکھ، اُردو کوآرڈینیٹر ایس۔سی۔اِی۔آر۔ٹی پونہ توصیف پرویز، شری ڈی بی جامبھرونکر کے علاوہ دیگر کئی معزّز شخصیات موجود تھیں۔
واضح ہو کہ بانو ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت ناندیڑ کے ۲۴ اساتذہ کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا نیز فروغِ اردوادب سوسائٹی کے تحت تقسیمِ ہند کے بعد برصغیر میں افسانوی نثر پر سیمینار فروغِ اردوادب سوسائٹی کے تحت مختلف عناوین پرمقالہ نگاروں نے ہندوستان اور بیرون ملک سےمقالے لکھے۔جن کی تعداد ۵۲ تھی۔ان مقالات کو کتابی شکل دی گئ۔
محترم عبدالملک نظامی،ڈاکٹر عبدالرافع،ڈاکٹر ارشاد احمد خان،محمد مظہرالدین، ارجمند یاسمین،عبدالعلیم اسرار،اور دیگر رفقاء کی انتھک اور مخلصانہ کاوشوں سے اس یادگار پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ڈاکٹر نورالامین نے پروگرام کی نظامت کی۔اسی تقریب میں صدر اور مہمان خصوصی کے ہاتھوں معلمہ نکہت انجم ناظم الدین(گریجویٹ ٹیچر ضلع پریشر اردو بوائز اسکول بودوڈضلع جلگاؤں)کو ایڈوکیٹ سید بہاء الدین ریاستی مثالی معلم کے اعزاز سے نوازا گیا۔شال،گلدستہ،ٹرافی اور سند دے کر ان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔معلمہ نکہت انجم کو اس سے قبل بھی کئی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔اس اعزاز سے نوازے جانے پر انھیں ساتھی اساتذہ اور دوست احباب نے مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔




