مالیگاؤں( پریس ریلیز) ادبی, صحافتی اور دینی شناخت رکھنے والے شہر مالیگاؤں میں ادباء, علماء, مورخین اور قلمکاروں نے بے شمار معیاری کتابیں لکھیں ہیں. اسی صف میں ایک اور نئے قلمکار و مؤلف شفیق احمد فلاحی کے سفرنامہ پر مبنی بہترین کتاب "جزائر انڈمان و نکوبار، مشاہدات و معلومات" کے پہلے اردو و ہندی ایڈیشن کی کامیابی کے بعد الحمدللہ دوسرا ایڈیشن بھی منظر عام پر آچکا ہے۔
شہر کی معروف ملی شخصیت شفیق احمد فلاحی جن کا تعلق گزشتہ کئی دہائیوں سے جماعت اسلامی ہند سے ہے، موصوف جامعۃ الہدی مالیگاؤں سے فراغت کے بعد جامعۃ الفلاح (اعظم گڑھ، یوپی) سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان کی کتاب "جزائر انڈمان و نکوبار، مشاہدات و معلومات" کے دوسرے ایڈیشن کی تقریب اجراء گزشتہ 26 نومبر 2023 بروز اتوار کو رات میں دس بجے مولانا ابوالکلام آزاد ہال، ATT کیمپس، قدوائی روڈ، مالیگاؤں میں مولانا مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی کے زیر صدارت پروگرام عمل میں آیا۔
مولانا موصوف نے صدارتی خطبہ میں کتاب اور صاحبِ کتاب پر تاثرات پیش کرتے ہوئے ان کے سفر نامہ پر مبنی کتاب پر تبصرے بھی کئے. مولانا نے بتایا کہ جزائر انڈمان و نکوبار تاریخ کے لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے جس میں کالے پانی کی سزا اور آزادی کے دور میں مجاہدین آزادی کی قربانیوں کا ذکر بھی ہے وہیں خوبصورت مناظر, قدرتی دولت سے مالا مال اور خوشحال پر سکون زندگی گزارنے کیلئے بہترین مقام ہے۔
اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن کا اجراء بیرون شہر سے تشریف لائے مہمان خصوصی سیّد شعیب ہاشمی (ایگزیکٹیو آفیسر مہاراشٹر اردو اکیڈمی، ممبئی) کے بدست عمل میں آیا۔ اسی طرح سے کتاب کے خوبصورت سرورق کی رونمائی شہر عزیز کی معروف شخصیت احمد ایوبی سر (پرنسپل جمہور ہائی اسکول) نے فرمائی۔ تقریب اجراء میں بطور مہمان خصوصی ڈاکٹر اشفاق عمر، جاوید احمد آکاش وانی، مولانا زبیر احمد ملی، یاسین اعظمی، خلیل عباس، مختار عدیل،ڈاکٹر مبین نذیر، عبدالعظیم فلاحی وغیرہ کے علاوہ شہر کی معزز و ادبی شخصیات نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض رضوان ربانی سر نے بخوبی انجام دیئے۔اظہار تشکر پروگرام کے منتظمین، صدر و اراکین کلچرل کمیٹی آف مالیگاؤں، لمرا ایجوکیشنل سوسائٹی، ایم آئی سی گروپ کی جانب سے ادا کیا گیا۔




