کھام گاؤں:19/نومبر (واثق نوید) ہر ریاستی حکومت ہر سال قومی رہنماؤں اور مجاہدین آزادی سمت مشہور و معروف شخصیات کے ناموں کی فہرست کا اعلان کرتی ہے جن کو طے شدہ تاریخ کو سرکاری طور پر خراج عقیدت پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہوتا ہے ۔ افسوس گزشتہ تین چار سالوں سے اعلان شدہ اس فہرست میں کئی مسلم رہنما اور مجاہدین آزادی کا نام نہیں آیا ۔
جس سے مسلم سماج میں شدید ناراضگی پائی گئی ۔ اس ضمن میں مختلف تنظیموں اور شخصیتوں نے حکومت کو میمورنڈم دیکر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ 2023 اختتام پذیر ہونے والا ہے ، عنقریب 2024 کے لئے حکومت نئی فہرست کا اعلان کرنے والی ہے اس ضمن میں کچھ تنظیموں نے اس ضمن میں کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
اساتذہ کی فعال و ریاست گیر تنظیم مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا نے اس سال بھی ایک میمورنڈم دیکر مسلم رہنماؤں کا نام شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ضمن میں مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے بانی و ریاستی صدر ایم اے غفار نے ریاستی وزیر اعلیٰ ایکناثھ شندے ، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور اجیت پوار و ریاستی چیف سیکریٹری کو میمورنڈم دیکر پہلی مسلم معلمہ فاطمہ شیخ کا یوم پیدائش 9 جنوری ، ملک کے پہلے وزیر تعلیم و مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کا یوم پیدائش 11 نومبر کو 2024 کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
