کھام گاؤں ،(واثق نوید) بزمِ اربابِ سخن اور فکشن اسوسی ایشن ناندورہ کے زیرِ اہتمام، پیر، 27 نومبر کو صبح 11 بجے، خانقاہِ چشتیہ، درگاہ حاجی عنایت اللہ شاہؒ ناندورہ (ضلع بُلڈھانہ، مہاراشٹر) میں، دارولسرو برہان پور کے مشہور شاعر شعور آشناؔ کے اعزاز میں شعری نشست اور ان کے افسانوی مجموعے ’انتظار اور کب تک‘ کی رسمِ رونمائی کا اہتمام کیا گیا۔
اس پروگرام میں برہان پور کے طنز و مزاح کے مشہور شاعر عالم نشتری نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت ناندورہ کے معروف استاد شاعر قدرت ناظمؔ نے فرمائی۔ اس پروگرام کے کنوینر ناندورہ کی ادب دوست شخصیت محمد رفیق زکریا تھے۔
راحیل انجم نے حمد اور شعور آشنا نے نعت پیش کی۔ اس کے بعد باقاعدہ شعری نشست کا آغاز ہوا۔ جس میں قدرت ناظمؔ، شعور آشناؔ، عالم نشتریؔ، وسیم زاہدؔ، متین طالبؔ، راحیل انجمؔ، حمید اشہرؔ اور جنید خان نے اپنا کلام پیش کیا، جسے حاضرینِ محفل نے خوب داد و تحسین سے نوازا۔ آخر میں افسانوی مجموعہ ’انتظار اور کب تک‘ پر علیم اسماعیل اور متین طالبؔ نے اظہار خیال کیا،
اس کے بعد کتاب کی رسمِ رہنمائی عمل میں آئی۔ نظامت کے فرائض راحیل انجم نے بحسن و خوبی انجام دیے۔





