کھام گاؤں:30/دسمبر (واثق نوید) ، غلام نبی آزاد اردو ڈی ایڈ کالج پوسد میں سال آخر کے طلباء کے اعزاز میں سال اول اور سال دوم جونیئر کے طلباء و طالبات کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر جناب غلام احمد خان سر اور نثار احمد خان سر مسندوں پر رونق افروز تھے جب کہ تقریب کے صدر کی حیثیت سے کالج کے پرنسپل خان حسنین عاقب موجود تھے ۔
الوداعی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ شاہ زیب ذوالقرنین نے بہترین انداز میں تلاوت کی جبکہ شمازیہ ضوفین نے بارگاہ خداوندی میں حمد پیش کی ۔ مدثر شیخ نے الوداعی گیت پیش کیا جب کہ سعدیہ اور ان کی ساتھیوں نے اجتماعی ترانہ پیش کیا ۔
عائشہ خانم اور علیزہ سحرش نے الوداعی تقریب کی مناسبت تقریر پیش کی ۔ اس کے بعد تمام طلبہ نے مشترکہ طور پر ایک تمثیلی مشاعرے کا انعقاد کیا جس کی صدارت تنزیلہ چوہان نے کی ۔ صالحہ فردوس نے مرزا غالب کی تمثیل پیش کی جب کہ مدیحہ خانم، لائبہ فردوس، شفا فردوس، القاعدہ افضل، تسنیم خانم، خنساء فاطمہ نے مختلف شعراء و شاعرات ک؛ کلام تمثیلی انداز میں پیش کیا ۔ اس مشاعرے کی نظامت سال دوم جونیر کی متعلمہ مدیحہ فاطمہ نے کی ۔
طلباء کی خصوصی فرمائش پر نثار احمد خان سر نے بہترین انداز میں ایک الوداعی گیت پیش کیا ۔ محمد عبدالستار سر نے بھی علامہ اقبال کی نظم اپنے خوبصورت ترنم کے ساتھ پیش کرکے داد حاصل کی ۔ تقریب کے صدر خان حسنین عاقب نے طلباء کی خواہش پر اپنا کلام سنایا جس پر طلباء اور دیگر حاضرین کی جانب سے بے انتہا داد و تحسين سے نوازا گیا ۔ مہمان خصوصی غلام احمد خان سر نے بھی اس تقریب میں پہلی مرتبہ اپنا طبعزاد کلام سامعین کو سنایا جس پر انہیں خوب داد دی گئی ۔ سال دوم جونیر کی طالبات نے اسلام اور حجاب کے موضوع پر نہایت خوبصورت انداز میں ایک ایکشن ترانہ پیش کیا جسے بے حد پسند کیا گیا ۔
سحر صدف، راحین فاطمہ، جوہی چوہان، زینت انجم، ماریہ پروین وغیرہ نے ایک بہترین انداز میں ایک گیت پیش کیا ۔ سال دوم کی طالبات اسماء، القاعدہ افضل، مدیحہ فاطمہ اور تنزیلہ چوہان نے ایک گروپ ترانہ پیش کیا جس نے ماحول میں ایک سماں باندھ دیا
الوداعی تقریب کے اختتام پر نثار احمد خان سر اور غلام احمد خان سر نے طلباء سے مخاطبت کرتے ہوئے مستقل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور مفید مشورے دئے اور طلباء کی رہنمائی کی ۔
پرنسپل خان حسنین عاقب سر نے اپنی صدارتی گفتگو میں زیر تربیت معلمین سے مستقبل میں ایماندار اور محنتی و مخلص معلم بننے کی تلقین کی ۔ سال اول کی جانب سے تمام حاضرین کے لیے اظہار تشکر پر اس دلچسپ اور خوبصورت تقریب کا اختتام ہوا۔
تقریب کے اختتام پر عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے تمام حاضرین نے استفادہ کیا ۔
