کھام گاؤں:30/دسمبر (واثق نوید) مسابقت کے اس دور میں جب کہ مقابلے سخت سے سخت تر ہوتے جارہے ہیں، ہماری قوم کی بیٹیاں اپنی کوششوں سے نمایاں کامیابی حاصل کرتی جارہی ہیں۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے ۔ ایسی ہی ایک دل خوش کن خبر آکوٹ سے آئی ہے کہ گل رعنا علی تبسم ولد مولانا سید وحید کی دختر نیک اختر نے "سنت گاڑگے بابا امراوتی یونیورسٹی" سے ایم اے پولیٹیکل سائنس میں چوتھے نمبر پر امتیازی مقام حاصل کیا ۔۔ معلوم رہے کہ پولیٹیکل سائنس سے ایم اے کرنے والی شہر کی پہلی مسلم طالبہ ہے جو میرٹ لیسٹ میں نام شامل کرکے شہر اور والدین کا نام روشن کیا ہے
ہماری دعا ہے کہ اللہ رعنا تبسم کو مزید ترقی عطا فرمائے اور وہ نہ صرف آکوٹ، برار بلکہ اپنے صوبے مہاراشٹر کا نام روشن کریں ۔ آکوٹ قصبہ برار میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے یہاں مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت کے اعلیٰ نمونے پاۓ جاتے ہیں ۔ زبان و بیان کے لحاظ سے بھی اور علم و فن کے اعتبار سے بھی اس کا نام رہا ہے ۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے رعنا تبسم نے بھی ایک روشن مثال پیش کی ۔
"ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ" کی 125ویں سالگرہ کے موقع پر بتاریخ ٢٤ دسمبر ٢٠٢٣ کو پرنسپل سنیل پانڈے کی سربراہی میں مقامی شری شیواجی کالج میں ایک استقبالیہ پروگرام رکھا گیا تھا ، جس میں ایم ۔اے سیاسیات میں میرٹ میں آنے والی رعنا تبسم سید وحید کا استقبال کیا گیا ۔ گل رعنا تبسم نے "سنت گاڑگے بابا امراوتی یونیورسٹی امراوتی میں چوتھے مقام پر اور کالج میں دوسرا مقام حاصل کیا ۔ اس موقع پر راعنا تبسم نے سیاسیات کے پروفیسر کائندے سر کا رہنمائی کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔
موصوفہ نےدرس و تدریس کا فریضہ انجام دینے کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیمی لیاقت میں بھی مذید اصافہ کیا۔
اب تک رعنا علی نے اردو، تاریخ، انگریزی اور سیاسیات(political science) سے ایم اے کیا ہے۔ گزشتہ سال سیٹ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی جو سینئر کالج پر اسسٹنٹ پروفیسر کی تقرر کے لیے لازمی ہے ۔ تعلیمی ترقی کے لئے انھیں اپنے والدین کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔ سیٹ میں امتیازی کامیابی پر انھیں والدین، بھائی، بہنوں، رشتے داروں، ساتھی اساتذۂ کرام اور احباب کی جانب سے مبارکباد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کی جارہی ہیں۔ اس کامیابی کی تمام حلقوں میں خوب ستائش ہو رہی ہے ۔
مستقبل میں وہ اُردو اور سیاسیات سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنا چاہتی ہے ۔

