مالیگاؤں (پریس ریلیز) لوک سیوا چیریٹیبل ٹرسٹ دھولیہ کے زیراہتمام ریاست مہاراشٹر میں مختلف شعبوں جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 30 سے زائد شخصیات کا انتخاب کرکے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں بیادگار مرحوم حاجی عبدالحق ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ اسی بنیاد پر اس سال بھی ایسی شخصیات کو ایوارڈ دینے کی تقریب ٹرسٹ چیئرمین انصاری عبدالحفیط کی رہنمائی میں 3 مارچ 2024 بروز اتوار کو دھولیہ شہر میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت دھولیہ شہر کی معروف سیاسی شخصیت اسحاق جاگیردار نے انجام دی اور بطور مہمان خصوصی دھولیہ شہر کے رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ کو مدعو کیا گیا۔
اس موقع پر مالیگاؤں شہر میں خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام جاری رائل یونیورسل اسکول کے قابل، محنتی اور فعال فزیکل ٹیچر عبداللہ خلیل انصاری کو دھولیہ شہر کے رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ کے ہاتھوں "بیسٹ ٹیچر” کے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عبداللہ خلیل انصاری نے انٹرنیشنل اسپورٹس جیت کونوڈے فیڈریشن آف انڈیا
سے سنہ 2016 میں بلیک بیلٹ کی ڈگری حاصل کی۔موصوف نے کے سی ای ایس کالج آف ایجوکیشن اینڈ فزیکل ایجوکیشن، جلگاؤں سے بیچلر آف فزیکل ایجوکیشن کی ڈگری مکمل کی۔ بعدازاں مہاتما گاندھی ودیامندر مہاراجہ سیاجی راؤ گائیکواڑ آرٹس، سائنس اور کامرس کالج مالیگاؤں سے صحافت کا کورس مکمل کیا۔
فی الحال جاگرتی کراٹے مارشل آرٹ اینڈ سلیف ڈیفینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اقلیتی طبقہ کے طلباء کو پولیس فورس، آرمی، آر پی ایف بھرتی وغیرہ میں آسانی کیلئے مارشل آرٹ و فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سرٹیفیکیٹ کی فراہمی کا مرحلہ بھی ہموار کروانے کی کوشش کی۔ طلباء اور خصوصی نوجوانوں کو منشیات و موبائیل کی لت سے دور رکھنے اور فزیکل ایکٹیویٹی سے جوڑنے کیلئے مختلف فزیکل ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کرتے ہیں۔
عبداللہ انصاری شہر کی مختلف اسکولوں اور کراٹے کلاس کے ذریعے اسکول و مدارس کے طلباء کو سالانہ ریاستی اسکول کھیلوں کیلئے تربیت دے رہے ہیں۔ ان کی گراں قدر خدمات اور کارناموں کے اعتراف میں لوک سیوا چیریٹیبل ٹرسٹ دھولیہ کی جانب سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر اور پرنسپل و جملہ اسٹاف کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔