مؤرخہ 20 مئی پیر کے روز ہمارے دھولیہ مالیگاؤں حلقہ پارلیمینٹ میں صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ووٹنگ کی جائے گی ، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اہلیان شہر خصوصا خواتین ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ووٹنگ کا فیصد زیادہ سے زیادہ بڑھ سکے، اس سلسلے میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے ، اگر ہماری معزز مائیں اور بہنیں صبح کے ٹھنڈے وقت میں ہی ووٹنگ کرلیں تو ان کے لئے بڑی سہولت ہوگی ۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ خواتین یہ ذہن بناکر ووٹنگ کے لیے جائیں کہ کم از کم ایک ڈیڑھ گھنٹے قطار میں لگ کر انتظار کرنا پڑسکتا ہے ، ہم اپنے ملک اور ملت کے تحفظ کے لیے اتنے وقت کی قربانی ضرور دیں لیکن ووٹنگ نہ چھوڑیں ۔
تیسری بات یہ ہے کہ اگر کسی جگہ پولنگ آفیسرز کی گزارش پر شناخت کے لیے خواتین کو چہرہ دکھانے کی ضرورت پڑے تو ایسی جگہ چہرہ دکھانے کی شرعی گنجائش ہے ، جیسے امیگریشن کے لیے ایئرپورٹ پر چہرہ دکھانا پڑتا ہے، لھذا خواتین اسلام ایسے موقع پر بحث و مباحثہ کے بجائے چہرہ پر سے نقاب ہٹا کر اپنی شناخت کرادیں اور پھر فورا نقاب لگالیں اور اپنے مقصد یعنی ووٹنگ پر توجہ دیں ۔
مرد حضرات سے بھی درخواست ہے کہ جب خواتین ووٹنگ کے لیے جائیں تو تھوڑی دیر قربانی دے کر وہ گھر پر رہ کر بچوں اور گھر کی نگرانی کریں اور اس سلسلے میں حتی المقدور ان کے لئے سہولت (سواری کا نظم) کا معاملہ کریں، تاکہ خواتین اطمینان کے ساتھ ووٹ ڈال سکیں۔
نوٹ: جن مقامات پر خواتین کے اجتماعات ہوتے ہیں، وہاں کے ذمہ داران اور معلمات سے درخواست ہے کہ مذکورہ گزارشات کی روشنی میں خواتین کی ذہن سازی کریں اور ان کو ووٹنگ کی ترغیب دیں، ساتھ ہی ساتھ ان کو ووٹنگ کا مکمل طریقہ بھی بتائیں ، بلا شبہ یہ ایک دینی فریضہ ہے اور ملی ذمہ داری بھی !
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
گزارش کنندہ
مفتی محمد عامر یاسین ملی
