تہران ( ہند سماچار ) ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد میں شدید بارشوں سے آئے اچانک سیلاب کی وجہ سے سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں مشہد میونسپلٹی کے فائر اینڈ سیکیورٹی سروسز آرگنائزیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر حمیدرضا کافینیہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز صوبہ خراسان رضوی کے مشہد کے انقلاب چوک پر ایک کار کے اندر پھنسے دو افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب چوک پر امدادی کشتیاں تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں ممکنہ زندہ بچ جانے والوں اور متاثرین کے لیے سیلابی پانی میں پھنسی کاروں کی تلاش کر رہی ہیں۔ مسٹر کافینیہ نے کہا کہ اسی دن سیلاب کے باعث شہر کے ایک اور محلے میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے ایک خاتون اور اس کے چار بچے ہلاک ہو گئے۔ کم از کم 250 خاندانوں کو شہر اور قریبی گاوں میں محفوظ مقامات پر پناہ دی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خراسان رضوی میں منگل سے موسلادھار بارشیں شروع ہو گئی ہیں اور اس کا آنے والے دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
