کھام گاؤں (واثق نوید) زیر تربیت اساتذہ کی علمی میدان میں مہارت اور خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے انہیں دیگر اسکولوں میں انٹر شیپ کے تحت درس و تدریس کی عملی تربیت دی جاتی اور انکا مشاہدہ کرکے انکی رہنمائی کی جاتی ہے ۔
اس ضمن میں کھام گاؤں تحصیل کے کنجہرہ میں واقع ڈی ایڈ کالج آف ایجوکیشن کے زیر تربیت اساتذہ کی انٹرشیپ ، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول کنجہرہ میں رکھی گئی تھی ۔ ڈی ایڈ کالج کے سال اول و سال دوم کے تقریباً 79 زیر تربیت اساتذہ نے 9 ستمبر سے 26 ستمبر تک ضلع پریشد اردو مڈل اسکول میں اول تا ہشتم تک درس و تدریس کے فرائض کے ساتھ ساتھ عملی تجربات ، جسمانی تعلیم و محکمہ جاتی تجربات حاصل کئے ۔ زیر تربیت اساتذہ کے عملی کاموں کی نگرانی کالج کے سینئر پروفیسر اسماعیل سر نے فرمائی اور ان کی رہنمائی کی ۔
انٹر شیپ کے آخری دن الوداعی تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ تقریب کی صدارت اسکول کی فعال ، متحرک و مثالی معلمہ شمیم بانو محمد حنیف نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شیخ قلندر سر موجود تھے ۔ اس موقع پر نکہت پروین ، عامر خان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
نظامت کے فرائض سال دوم کی نازیہ روشن نے بحسن و خوبی انجام دیں ۔ اس موقع پر زیر تربیت اساتذہ کو اپنے صدارتی خطبے سے سرفراز کرتے ہوئے انہیں عملی زندگی میں بحیثیت مدرس اپنی زندگی و کردار کس طرح ہونا چاہیے رہنمائی فرماتے ہوئے انہیں مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کی ۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول کے اساتذہ کے تعاون و رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کیا ۔ انہیں تحفوں سے نوازا ۔
