کھام گاؤں (واثق نوید) پوسد شہر کے قدیم تعلیمی ادارے غلام نبی آزاد اردو ڈی ایڈ کالج میں 8 مارچ 2025 کو بین الاقوامی یوم خواتین کا انعقاد کیا گیا ۔ اس پروگرام میں کالج کی تمام متعلم معلمات اور متعلم معلمین حاضر تھے ۔
کالج کے پرنسپل جناب خان حسنین عاقب نے اس پروگرام کی صدارت کی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر سینیر لکچرر جناب نثار احمد خان اور آفس سپرنٹنڈنٹ مرزا اویس بیگ موجود تھے ۔
پروگرام کا آغاز مشفق علی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد جناب نثار احمد خان نے انسانی معاشرے میں خواتین کی اہمیت کے موضوع پر روشنی ڈالی ۔ انھوں نے کہا کہ ہر مہذب معاشرے میں عورت کو عزت کا مقام حاصل ہوتا ہے اور وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس میں خواتین کا استحصال نہ کیا جاتا ہو ۔
کالج کے متعلم معلمات و معلمین نے اس موضوع پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا اور مفید سوالات بھی کئے جن کے تشفی بخش جوابات مہمانان خصوصی اور صدر مجلس نے دئے اور شرکاء کے علم میں اضافہ کیا ۔ پروگرام کے صدر خان حسنین عاقب نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ عورتوں کے بغیر کسی بھی تہذیب کا ارتقاء ناممکن ہے، جب تک خواتین کو مساوات اور انصاف کی قدریں میسر نہیں ہوتیں ان کے وجود کا حق ادا نہیں ہوسکتا ۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام نے عورت کو مرد کا ھمسر قرار دیا ہے، علامہ اقبال نے بھی بجا طور پر شاعرانہ انداز میں کہا ہے کہ وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ ۔ حسنین عاقب نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اللہ رب العزت نے انھیں حقوق عطا کردئے ہیں، البتہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین اپنے بل بوتے پر اپنے حقوق مانگنے کے بجائے حقوق حاصل کریں ۔
اس پروگرام کے انعقاد میں کالج کے متعلم معلمین سحر صدف عمران الحق، شفا پروین شیخ بابر، مہک پروین شیخ سلیم، نافعہ سحر شیخ محبوب، ثنا پروین شیخ تاجو، انورا فاطمہ زبیر خان، ماریہ خانم طلحہ خان، لائبہ فردوس عبدالظفر، شیبا پروین اسلم پٹھان، انعم فاطمہ شیخ بابر، ماہین ناز شیخ ماجد، الفیہ انعم آصف میاں، جوہی صدف رفیق احمد چوہان، حمید علی اختر علی، شہزاد خان شاہنور خان اور مشفق علی محبوب علی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پروگرام کو کامیاب بنایا ۔

