
کھام گاؤں( واثق نوید) اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور اپنی انتھک محنت کے نتیجے میں شعیب اختر نواب خان، جو کھام گاؤں تعلقہ کے پہاڑی قصبہ لاکھن واڑہ کے رہنے والے ہیں، نے گورنمنٹ میڈیکل کالج، ناگپور سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کر کے ڈاکٹر کی سند حاصل کرلی ہے۔

شعیب اختر کی اس نمایاں کامیابی پر ان کے خاندان، گاؤں اور برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے اپنی محنت اور عزم کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پورے علاقے کا نام بھی روشن کیا۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران لاکھنواڑہ کے مسلم نوجوانوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ علاقے میں تعلیمی بیداری کی لہر نے کئی نوجوانوں کو کامیابی کی نئی راہوں پر گامزن کیا ہے، اور شعیب اختر کی کامیابی اسی سلسلے کی ایک روشن کڑی ہے۔
گاؤں کے معززین، اساتذہ اور سماجی شخصیات نے شعیب اختر کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں مزید ترقی عطا فرمائے اور انہیں خدمتِ انسانیت کا ذریعہ بنائے۔