پو نہ، تعلیمی پالیسی کے تحت اردو اساتذہ کی ریاستی تربیت اختتام پذیر 150 سے زائد اساتذہ نے لیا حصہ، جلد 4513 اساتذہ کو دی جائے گی تربیت
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 30, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) راجیہ شکشنک سنشودھن و پرشکشن پریشد، پونہ کے تاریخی ہال میں 28 تا 30 مئی ریاستی سطح پر اردو اساتذہ کی ایک اہم تین روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اس تربیت کا مقصد نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت جماعتِ اول کے نئے نصاب، تعلیمی مقاصد اور جدید تدریسی طریقۂ کار سے اردو
اساتذہ کو واقف کرانا تھا۔
توصیف پرویز سر کی قیادت اور نگرانی میں منعقدہ اس ورکشاپ میں ریاست کے مختلف اضلاع سے منتخب 150 سے زائد اردو اساتذہ نے شرکت کی۔ جب کہ 21 تجربہ کار ریاستی تسہیل کاروں نے موضوعاتی سیشنز کے ذریعے شرکاء کی رہنمائی کی۔ تربیت کے دوران ‘ریاستی تعلیمی بنیادی سطح 2024’ کے تحت زبان، ریاضی، فنون لطیفہ، صحت و جسمانی تعلیم، عملی سرگرمیوں اور بچوں کی مجموعی ترقی جیسے کلیدی نکات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
اساتذہ کو ان مضامین سے متعلق مشقوں، تدریسی سرگرمیوں اور عملی تربیت کے مراحل سے گزارا گیا۔ اس تربیت کی خاص بات یہ ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران انہی تربیت یافتہ اساتذہ کے ذریعے ریاست بھر کے 4513 اردو میڈیم پرائمری اساتذہ کو بھی جدید نصاب اور تدریسی رہنما خطوط پر تربیت دی جائے گی۔
بلڈھانہ ضلع سے اس ریاستی تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے اساتذہ میں واثق نوید، توصیف وھاب، فیض الاسلام، رضا احمد خان، شیخ راحیل اور مظہر محمود شامل ہیں، جن کی نمائندگی پر تعلیمی حلقے فخر محسوس کر رہے ہیں۔
اس موقع پر موجود تسہیل کاروں اور افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہاراشٹر میں اردو میڈیم اسکولوں کا نصاب اور درسی کتب بین الاقوامی معیار کی حامل ہوں گی، اور اردو زبان میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ایسی تربیت اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔