مارول کے سپوت کو شرفِ مہمانیِ حرم مولانا قاری شفیق سید کو 2025 کے حج پر سعودی حکومت کی جانب سے "شاہی مہمان" بننے کا اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 28, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) کوہ ست پوڑا کی خوبصورت وادیوں میں واقع مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں کے ایک چھوٹے سے قصبے مارول سے تعلق رکھنے والے دینی خادم، مولانا قاری شفیق سید شہید صاحب کو حکومتِ سعودی عرب کی جانب سے حج 2025 کے موقع پر "شاہی مہمان" (Royal Guest) بننے کا عظیم اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ صرف مولانا شفیق صاحب کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے مہاراشٹر اور بھارت کے لیے باعثِ فخر و انبساط ہے۔ مولانا موصوف فی الحال اکّل كوّاں مدرسہ میں بحیثیت أستاذ خدمات انجام دے رہے ہیں، ایک ماہر، سنجیدہ اور رہنمائے ملت کے طور پر دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کی شخصیت میں علم، حلم، اخلاص اور خدمتِ دین کا امتزاج پایا جاتا ہے، جو انہیں خاص ممتاز بناتا ہے۔ ایک چھوٹے سے قصبہ سے نکل کر عالمی سطح پر اس طرح کی اعلیٰ شناخت حاصل کرنا مولانا کی مسلسل محنت، اخلاص، استقامت اور اللہ پر کامل توکل کا مظہر ہے۔ یہ کامیابی نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال اور حوصلہ افزاء پیغام ہے کہ اگر ارادے نیک ہوں، نیت صاف ہو تو اللہ کامیابیوں کے دروازے ضرور کھولتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس سال مہاراشٹر سے 25 دیگر منتخب دینی رہنماؤں کو بھی اس مبارک حج کی سعادت حاصل ہو رہی ہے، جو یقیناً اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت و عنایت ہے اس بابرکت مشن میں ایک اہم نام جناب محمد وسیم صاحب کا جو بطور حج ٹرینر حاجیوں کو حج کے فرائض، ارکان اور مراحل کی مکمل اور مؤثر تربیت فراہم کر رہے ہیں، تاکہ ہر حاجی اپنے حج کومکمل فہم و فراست اور شریعت کی روشنی میں ادا کر سکے۔ مولانا قاری شفیق سید شہید صاحب کے اس اعزاز کی خبر پھیلتے ہی مارول اور اکل کواں سمیت اطراف و اکناف میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف دینی اداروں، مدارس مساجد پر مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور ان کے حق میں دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔یہ موقع نہ صرف مولانا صاحب کے لیے بلکہ پوری ملت کے لیے باعثِ سعادت ہے۔ ہم اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ ان کا حج مقبول و مبرور ہو، اور وہ اسی طرح دینِ مبین کی خدمت میں سرگرداں رہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، عزت اور استقامت عطا فرمائے، اور آنے والی نسلیں ان کے نقشِ قدم پر چل کر دین و دنیا میں کامیاب ہوں۔