مالیگاؤں(پریس ریلیز) مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کی جانب سے محقق اور معلم ڈاکٹر ساجد نعیم کو ان کی نمایاں تحقیقی خدمات کے اعتراف میں 'بیسٹ ریسرچر ایوارڈ' سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری جناب راشد مختار کے دستِ مبارک سے پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر ساجد نعیم فی الحال مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے اپلائڈ سائنس ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے حالیہ برسوں میں تحقیق کے میدان میں غیر معمولی کارنامے انجام دیئےہیں۔ اب تک آپ کے 30 سے زائد تحقیقی مقالے عالمی شہرت یافتہ جرائدوں میں شائع ہو چکے ہیں، جبکہ چھ بین الاقوامی کتابوں میں آپ کے تحقیقی ابواب شامل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، ایک پیٹنٹ بھی فائل کیا جا چکا ہے، جو آپ کی اختراعی صلاحیتوں کا مظہر ہے. ڈاکٹر ساجد نعیم نے اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگری الیکٹرانکس سائنس میں ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی سے مکمل کی ہے۔ آپ نے توانائی ذخیرہ کرنے کی جدید ٹیکنالوجی پر متعدد مقالے بین الاقوامی کانفرنسوں میں پیش کیے ہیں، جنہیں علمی حلقوں میں خوب سراہا گیا۔ اس موقع پر جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین مولانا ارشد مختار اور سیکریٹری جناب راشد مختار نے ڈاکٹر ساجد نعیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسی طرح مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے پرنسپل، پولی ٹیکنیک کے پرنسپل، ڈین اکیڈمکس، ڈین ریسرچ، ڈین ایڈمیشن، اور دیگر فیکلٹی ممبران و اسٹاف نے بھی ڈاکٹر ساجد نعیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی ۔