کھام گاؤں (واثق نوید) علاقۂ برار کی ایک عظیم، باوقار اور روحانی شخصیت، پیرِ طریقت حضرت مفتی عبدالقدوس صاحبؒ (ساکن رانی پارک، جلگاؤں جامود) 30 اپریل کی شب 9:30 بجے فاطمہ ہاسپٹل، اکولہ میں طویل علالت کے بعد 94 برس کی عمر میں انتقال فرما گئے۔
یکم مئی کو آپ کی نمازِ جنازہ آپ کے بڑے فرزند مولوی منظر صاحب کی امامت میں عید گاہ پر ادا کی گئی اور بڑے مسلم قبرستان میں ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی۔
حضرت مفتی عبدالقدوس صاحبؒ علاقہ برار میں علم، تقویٰ، خدمتِ خلق اور روحانیت کا مجسم نمونہ تھے۔ آپ کی مجلسیں روحانی سکون، دینی رہنمائی اور اصلاحِ امت کا مرکز ہوا کرتی تھیں۔
آپ کی رہائش گاہ رانی پارک، جلگاؤں جامود صرف ایک مکان نہیں، بلکہ ایک روحانی مرکز کی حیثیت رکھتی تھی، جہاں دور دراز سے لوگ دعا، زیارت اور فیض کے لیے حاضر ہوتے تھے۔
مرحوم نے اپنی زندگی دین کی خدمت، مدارس کی سرپرستی، ہزاروں شاگردوں کی تربیت اور عوام الناس کی اصلاح میں صرف کی۔ ان کی دعاؤں سے بے شمار دل جُڑے، زندگیوں میں تبدیلی آئی، اور دین کی روشنی پھیلی۔
ان کے انتقال کو صرف ایک فرد کا نہیں، بلکہ ایک پورے عہد کے خاتمے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ ان کی تعلیمات، طرزِ زندگی اور روحانی فیض تادیر یاد رکھا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ حضرت کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،
ان کا فیض جاری و ساری رکھے، اور امت کو ان کے نعم البدل سے نوازے۔ آمین۔