الور (پریس ریلیز) راج رشی بھرتری ہری متسیا یونیورسٹی، الور (RRBMU) کے حالیہ نتائج میں نوری اکیڈمی کے ہونہار طالب علم محمد شعیب خان نے ماسٹر آف آرٹس (اُردو) میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے۔
محمد شعیب خان نے اس اہم موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ راج رشی بھرتری ہری متسیا یونیورسٹی، الور سے ایم اے اُردو میں مجھے گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔
اس کامیابی پر نوری اکیڈمی کے بانی و سرپرست ڈاکٹر عطاءالرحمن نوری نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:یہ کامیابی محمد شعیب خان کی ذاتی محنت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کرام کی مخلصانہ رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
ہماری دعا ہے کہ کامیابیوں کا یہ سفر مزید آگے بڑھے اور جس مقام پر بھی رہنمائی یا تعاون درکار ہو، ہم ان شاء اللہ موجود ہوں گے۔ واضح رہے کہ نوری اکیڈمی گزشتہ کئی برسوں سے ملک میں اردو زبان و ادب کے فروغ میں سرگرمِ عمل ہے۔ ادارے سے وابستہ طلبہ نے ملک کی مختلف جامعات میں اب تک متعدد گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کیے ہیں، جو نوری اکیڈمی کی تعلیمی و تربیتی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔تعلیمی و ادبی حلقوں کی جانب سے محمد شعیب خان کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی گئی ہیں۔
اس کامیابی پر میں اپنے محترم اُستاد ڈاکٹر عطاءالرحمن نوری سر، اور نوری اکیڈمی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جن کی علمی رہنمائی، تربیت اور مسلسل حوصلہ افزائی نے مجھے یہ مقام حاصل کرنے کے قابل بنایا۔