کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو مڈل اسکول گوندھناپور میں بروز جمعہ ایک شاندار و پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
یہ تقریب اسکول کے صدر مدرس جناب محمد فاروق سر، محترمہ شمع باجی اور گوندھناپور کیندر کے کیندر پرمکھ الحاج ابو المنتظر خان کی طویل و درخشاں تعلیمی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔
اس تقریب کی صدارت اسکول انتظامیہ کمیٹی کی صدر
محترمہ نور جہاں صاحبہ نے کی

۔ بطورِ مہمانانِ خصوصی سابق صدر مدرس جناب محمد اعجاز سر، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکرٹری جناب واثق نوید، جناب رئیس الدین قاضی، جناب محمد ایوب قریشی سر، جناب شیخ سیف اللہ قریشی، جناب عمران عرب اور کھام گاؤں پنچایت سمیتی کے اردو اسکولوں کے صدر مدرسین موجود تھے۔
اس موقع پر گاؤں کے سرپنچ، نائب سرپنچ، اسکول انتظامیہ کمیٹی کے اراکین، معزز شہری اور ضلع بلڈانہ و اطراف کے اضلاع سے آئے ہوئے مہمانوں نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض جناب محمد حنیف سر نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
تقریب میں اعزازی شخصیات کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسکول اور معزز اساتذہ کی جانب سے انہیں تحائف و اعزازات پیش کیے گئے۔ مختلف اساتذہ نے سبکدوش ہونے والی شخصیات کی تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
تمام مہمانوں نے تقریب کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ اسکول کے اساتذہ کرام کی محنت و لگن کی ستائش کی گئی جن کی بدولت تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
آخر میں اللہ رب العزت سے دعا کی گئی کہ وہ اعزازی شخصیات کو صحت، ایمان، عافیت اور درازئ عمر عطا فرمائے اور انہیں حج مبرور کی سعادت نصیب کرے۔
آمین ثم آمین۔