
حلقۂ احباب میں یہ خبر سناتے ہوئے دل غموں سے بھر اور چشم سر اشکوں سے تر ہوئیں جارہی ہے کہ محبوب المشائخ، خادم القرآن وعامر المساجد، رئیس الجامعہ اشاعت العلوم اکل کوا، رکن شوری ازہر ہند دارلعلوم دیوبند حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب ابھی چند ساعتوں قبل اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
ایک شخص سارے جہاں کو ویران کرگیا
مرحوم مغفور حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب اپنی ساری عمر دینی خدمات کے نذر کردینے والی وہ عبقری شخصیت ہے جسے رہتی دنیا تک یاد کیا جائے گا۔ سینکڑوں مساجد کی تعمیر بہت سارے مدارس کا کامیاب اجراء وسرپرستی حتی کہ رئیس الجامعہ اشاعت العلوم اکل کوا کی صورت میں جامعہ کے کارواں کا کامیابی کے ساتھ مختلف منازل کو طئے کر جانا اس بات کا غماز ہے کہ موصوف میں تنظیمی خداداد صلاحیتیں اس قدر موجود تھی کہ جس کی نظیر ملنا شاذ ونادر امر ہے۔
آپ ازہر ہند دارلعلوم کے موجودہ رکن مجلس شوری اور سابق اہتمام دارلعلوم کے اعلی منصب پر فائز رہنے والی عظیم المرتبت ذات انجمن ہیں، حضرت مرحوم بلاشبہ ولی کامل محب رسول اور متبع سید المرسلین تھے۔ اکابر علماء کی قدر دانی اور ہر طرح کی دینی ورفاہی خدمات کی انجام دہی آپ کا شیوہ تھا، امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی خاطر جدید علوم کی فراوانی آپکا مقصد تھا،
مساجد مدارس اور مکاتب کا قیام آپکے جذب اندروں کو بیان کرتا ہے۔ مختلف کالجز کے ذریعے امت مسلمہ کو ایجوکیشنل سوسائٹی فراہم کرنا آپکی چاہت کا منظرنامہ تھا،یقیناً آپ کا دنیا سے اٹھ جانا امت مسلمہ کےلیے کسی عظیم خسارے سے کم نہیں مگر ایسے غم کے موقعے پر ہم وہی کہیں گے جو کہ اس طرح کے مواقع پر کہنے کا رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول اور تعلیم ہے۔
"إِنَّ لِلّٰهِ مَا أَخَذَ وَلَهٗ مَا أَعْطٰى، وَكُلُّ شَيْءٍ عِنْدَهٗ بِأَجَلٍ مُّسَمًّى"
رب کریم سے دعا ہے کہ اپنے حبیب کے صدقے مرحوم حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب کی کامل مغفرت فرمائے درجات کو بلند فرمائے اعلی علیین میں مقام اور جنت الفردوس میں داخلہ مقدر فرمائے، منکر نکیر کے سوالات قبر وحشر کے تمام مراحل میں سہولت عنایت فرمائے، سئیات کو حسنات سے مبدل فرمائے، خدمت دین متین کو شرف قبولیت سے نوازے، بروز محشر حوض کوثر سے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک ہاتھوں سے حصہ عطاء فرمائے، جمیع لواحقین ومتعلقین اور شاگردان کو صبر جمیل اور حوصلہ عطاء فرمائے نیز ہم سب کو آپ کی خلا پر کرتے ہوئے آپ کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین