حج 2026 کے لیے درخواستوں کا آغاز: 7 جولائی سے 31 جولائی 2025 تک کا وقت مقرر، پاسپورٹ کی معیاد اور شرائط کا خاص خیال رکھیں حج کمیٹی آف انڈیا کا اہم اعلان
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 08, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) حج کمیٹی آف انڈیا، وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند نے حج 2026 کے لیے درخواستوں کا اعلان کر دیا ہے۔ خواہشمند عازمین کے لیے آن لائن درخواست کا عمل 7 جولائی 2025 سے شروع ہوگا اور 31 جولائی 2025 کی رات 11:59 بجے تک جاری رہے گا۔ حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، درخواستیں صرف آن لائن طریقے سے دی جا سکتی ہیں۔
عازمین حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا "HAJ SUVIDHA" موبائل ایپ (جو کہ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے) کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کر سکتے ہیں۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف وہی افراد درخواست کے اہل ہوں گے جن کے پاس مشین ریڈیبل بھارتی بین الاقوامی پاسپورٹ موجود ہو۔ یہ پاسپورٹ درخواست کی آخری تاریخ (31 جولائی 2025) تک جاری کیا گیا ہونا چاہیے اور کم از کم 31 دسمبر 2026 تک کارآمد ہونا ضروری ہے۔ حج کمیٹی نے درخواست دہندگان کو تاکید کی ہے کہ وہ فارم بھرنے سے قبل تمام رہنما ہدایات اور Undertaking کو بغور پڑھیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے۔ کمیٹی نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی وجہ سے حج کی روانگی منسوخ کی جاتی ہے — سوائے موت یا کسی سنگین طبی حالت کے — تو ایسی صورت میں درخواست گزار کو جرمانے اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے تمام خواہشمند عازمین سے گزارش ہے کہ وہ اپنی تیاری، حالات اور ذمہ داریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہی درخواست دینے کا فیصلہ کریں۔ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شانواز سی نے تمام حاجیوں کو مکمل سنجیدگی اور تیاری کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی ہے تاکہ اس مقدس فریضے کی ادائیگی آسان اور باوقار طریقے سے مکمل ہو سکے۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا قریبی حج سیل سے رجوع کریں۔