صحافی آصف شیخ کو صدمہ ایماندار تاجر، نرم گفتار شخصیت شہر جلگاؤں کی معروف ہستی کی رحلت پر صحافتی برادری کا اظہارِ افسوس
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 18, 2025
0
share
جلگاؤں(عقیل خان بیاولی) شہر کی علمی و صحافتی دنیا سے ایک افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے کہ اردو و ہندی کے سرگرم صحافی آصف شیخ کے والدِ گرامی صادق حسین شیخ مختصر علالت کے بعد 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ مسلم کالونی، نزد آکاش وانی، جلگاؤں کے رہائشی تھے۔ مرحوم ایک باوقار، شریف النفس اور دیانت دار تاجر کے طور پر تانبہ پورہ علاقے کے شہید عبدالحمید چوک میں جانے پہچانے جاتے تھے، جہاں وہ طویل عرصے تک ذاتی کاروبار سے وابستہ رہے۔ شہر کے سماجی حلقوں میں ان کی سادگی، حسنِ اخلاق، معاملہ فہمی اور خوش مزاجی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔مرحوم کی وفات سے جہاں ایک سنجیدہ، مہذب، اور نیک سیرت شخصیت ہم سے جدا ہوئی، وہیں ان کا دنیا سے چلے جانا اہلِ خانہ اور معاصرین کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ پسماندگان میں بیوہ، تین فرزندان، دو دختران اور بھرا پورا خاندان شامل ہے، جن میں سے آصف شیخ صحافت کے میدان میں ایک معروف و فعال نام ہیں۔ دوسرے جگر گوشے تنویر شیخ ہے جو آکولہ شہر میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔اس اندوہناک موقع پر جلگاؤں کی صحافتی برادری، اہلِ قلم، اور میڈیا سے وابستہ تمام احباب غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ ربّ العزت مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اُن کی لغزشوں کو معاف کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل، حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔ تعزیت پیش کرنے والوں میں: عقیل خان بیاولی، سعید پٹیل، زیان شیخ، شاہ اعجاز گلاب، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے تمام نمائندگان، اور صحافتی برادری جلگاؤں شامل ہیں، جنہوں نے مرحوم کی مغفرت اور آصف شیخ سمیت تمام سوگواران کے لیے دعا گو ہونے کا اظہار کیا ۔