مراٹھی پترکار بھون کی طرز پر اردو پترکار بھون کی تعمیر کیلئے زمین دی جائے دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ کے وفد نے پالک منتری کو مطالباتی مکتوب پیش کیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 16, 2025
0
share
دھولیہ (پریس ریلیز) دھولیہ ضلع و شہر میں اردو اخبارات کی تاریخ ۵۰ برسوں کے طویل عرصوں پر محیط ہے۔ بفضل تعالیٰ آج شہر میں تین اردو ہفت روزہ اخبارات باقاعدگی سے جاری ہیں۔
مگر اردو صحافیوں کو پریس کانفرنس، میٹنگ اور دیگر سرگرمیوں کیلئے کوئی ایسی جگہ میسر نہیں ہے۔ جہاں چھوٹی موٹی تقاریب کا انعقاد کیا جاسکے۔ ان سب مسائل پر غور کرنے کے بعد دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ (رجسٹرڈ) نے مراٹھی پترکار بھون کی طرز پر اردو پترکار بھون کی تعمیر کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ اس کے لئے اقلیتی علاقوں کی خالی کچھ زمینوں کی نشاندہی کرکے دھولیہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، سابق وزیر انیل بھائی داس پاٹل اور ۱۲؍ جولائی ۲۰۲۵ء بروز سنیچر کو دھولیہ ضلع کے نگراں وزیر (پالک منتری) جئے کمار راول کو اردو پترکار بھون کی تعمیر کے لئے زمین دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس پر پالک منتری نے کافی غور کرکے وہاں موجود دھولیہ میونسپل کارپوریشن کی کمشنر محترمہ امیتا دگڑے پاٹل کو کچھ خصوصی ہدایات دی ہیں۔ پالک منتری کو دیئے گئے مطالباتی مکتوب میں درج کیا گیا ہے کہ اقلیتی علاقوں میں کئی خالی زمینوں میں سے کسی ایک مقام پر 25 x 50 فٹ کی زمین اردو پترکار بھون کی تعمیر کیلئے دی جائے۔ اردو پترکار بھون میں طلباء و طالبات کو پڑھائی کیلئے علیحدہ علیحدہ ہال مہیا کئے جائیں گے۔ آج حالات یہ ہیں کہ شہر میں کوئی ایسی بڑی جگہ موجود نہیں ہے کہ جہاں اقلیتی سماج کے طلباء بڑی تعداد میں اکٹھا ہوکر بورڈ کے امتحانات اور مقابلہ جاتی امتحانات کی پڑھائی کرسکیں۔ اردو پترکار بھون کی تعمیر کے بعد یہ بڑا مسئلہ (ان شاء اللہ) حل ہوجائے گا۔ مذکورہ بھو میں عوامی لائبریری ہوگی جہاں پر خاص و عام شخص آرامدہ کرسیوں پر بیٹھ کر اردو، ہندی، مراٹھی اخبارات اور مختلف رسالوں کا مطالعہ کرسکیں گے۔ اردو پترکار بھون کی دو منزلہ عمارت کی اوپری منزل پر ایک ہال ہوگا جہاں پریس کانفرنس، صحافیوں کے لئے ورکشاپ، تعلیمی و ادبی سیمینار، امن کمیٹی کی میٹنگ، مشاعرے، طلباء کی حوصلہ افزائی کے پروگرام اور سماجی پروگراموں کا انعقاد کیا جا سکے گا۔ ان تمام سہولیات سے مزین اردو پترکار بھون کی تعمیر کیلئے دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ کے صدر تواب انصاری، نائب صدر احمد حلیمی سر (دونڈائچہ)، جمیل یوسف شاہ، شیخ شہاب الدین، انصاری نثار احمد پپو (سونی نیوز) شاہ فیصل محمد عمر، شیخ انیس احمد عبدالمجید، ریاض احمد راجہ ویلڈر، عقیل احمد شاہ اور دیگر اراکین کمر بستہ ہیں۔ جلد ہی ممبئی منترالیہ میں نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار سے ملاقات کیلئے دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ کا وفد ممبئی روانہ ہونے والا ہے۔ اگر اللہ کا فضل و کرم رہا اور شہریان دھولیہ کی دعائیں رہیں تو (ان شاء اللہ) جلد ہی دھولیہ شہر میں خاندیش علاقے کی اولین اور تاریخی پترکار بھون کی عمارت کی تعمیر کی شروعات ہوگی۔ دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ کے اراکین کی یہ خواہش تھی کہ اردو پترکار بھون کی تاریخی عمارت اقلیتی سماج کے سابق آمدار کی رہنمائی اور تعاون سے مکمل ہوکر خاندیش علاقے کے اولین اردو پترکار بھون کی تعمیر کردہ میں سابق آمدار کا نام نمایاں طور پر شامل رہے۔ اس کے لئے کئی بار مطالبہ اور یاد دہانی کرائی گئی۔ مگر افسوس! نہ جانے کس مصلحت کی بناء پر انہوں نے اس تعلق سے ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔ ورنہ آج سے دو تین سال قبل ہی اردو پترکار بھون کی عمارت آن بان شان سے تعمیر ہوسکتی تھی۔ دھولیہ ضلع اردو پترکار سنگھ کے اراکین شہریان دھولیہ سے ملتمس ہیں کہ وہ اپنی دعاؤں میں اردو پترکار بھون کی تعمیر کو بھی شامل کریں۔ اللہ رب العزت اردو پترکار بھون کی تعمیر میں آنے والی تمام رُکاوٹوں کو دور فرمائے (آمین)